حکومت پنجاب نمبرداری نظام کو فعال بنانے کے لئے اقدامات کررہی ہے،ڈپٹی کمشنرجہلم

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 24 جنوری 2020 18:10

حکومت پنجاب نمبرداری نظام کو فعال بنانے کے لئے اقدامات کررہی ہے،ڈپٹی ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جنوری2020ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) حکومت پنجاب کی ہدایات پر نجی ہوٹل میں نمبردار کنونشن منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ اور ممبر صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال کے علاوہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ نے کہا کہ حکومت پنجاب نمبرداری نظام کو فعال بنانے کے لئے اقدامات کررہی ہے جس کے تحت ضلع جہلم میں نمبرداروں کو اہم ذمہ داریاں سونپی جا ئیگی تاکہ نظام کو متحرک کرکے نمبردار کو اہم حکومتی اقدامات میں پارٹنر بنایا جاسکے ۔

انہوں نے نمبرداروں سے کہا کہ وہ سرکاری واجبات کی وصولی کے لئے انتظامیہ کی کاوشوں میں ہاتھ بٹائیں جبکہ تجاوزات کی نشاندہی سمیت حکومتی اقدامات میں حصہ لیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیہاتوں کی سطح پر کلین اینڈگرین پروگرام کو کامیاب بنائیں جبکہ کسانوں کو جدید طریقہ کاشتکاری سے آگاہی کے فراہم کرنے کے لئے کردارادا کیاجائے ۔سیف انور جپہ نے کہا کہ نمبرداروں سے موثر ترین رابطہ استواررکھا جائے گا اور ان کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس ربنواز منہاس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میثم عباس، اسسٹنٹ کمشنر جہلم ذوالفقار احمد اور تحصیل دینہ اور تحصیل جہلم کے 400کے قریب نمبردارن نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میثم عباس اور پارلیمانی سیکرٹری راجہ یاور کمال نے کہا کہ نمبردار نچلی سطح پرعوامی مسائل کے حل میں اپنا اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اسی مقصد کے لئے نمبرداری نظام فعال بنایا جارہا ہے ۔

انہوں نے نمبرداروں کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ آپ سے گہرا رابطہ رکھے گی اور ان کے مسائل کے حل میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے ۔اس موقع پر نمبرداروں نے بعض تجاویز پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی خدمت مشن ہے جس پر بھر پور انداز میں عمل پیرا ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت روزانہ اپنے دفتر میں بیٹھ کر عوام کے مسائل سنتے اور ان کے حل کے لئے اقدامات کر رہے ہیں جبکہ درخواستوں پرہونے والی پیشترفت کی بھی کڑی مانیٹرنگ جاری ہے علاوہ ازیں ہر جمعہ کو کھلی کچہری لگا کر عوامی مسائل حل کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر افسران سے کہا کہ وہ شہریوں سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے حل میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے ۔نمبرداران کنونشن کے موقع پر ٹڈی دل )مکڑی( کیڑے سے فصلوں کو محفوظ رکھنے بارے تحصیل دینہ اور جہلم کے نمبرداران کو آگاہی بھی فراہم کی گئی۔