وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے شیخ رشید احمد کی ملاقات،راولپنڈی کے ترقیاتی پراجیکٹس اورسیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال

ہفتہ 25 جنوری 2020 21:14

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے شیخ رشید احمد کی ملاقات،راولپنڈی کے ترقیاتی ..
لاہور۔25 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ہفتہ کے روز 90شاہراہ قائداعظم پر وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،فلاح عامہ کے منصوبوں،راولپنڈی کے ترقیاتی پراجیکٹس اورسیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔شیخ رشید احمد نے وزیراعلیٰ پنجاب کو 5فروری کو لال حویلی میں جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصرکے ہاتھ صرف مایوسی اورناکامی آئے گی۔

(جاری ہے)

لوٹ مارکادورگزرچکا،وزیراعظم عمران خان کی حکومت پاکستان کی شفاف ترین حکومت ہے۔ماضی کی بے دریغ کرپشن نے ملک کو کھوکھلا کیا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم ہے کہ ہماری حکومت کا کوئی سکینڈل ہے ،نہ ہوگا۔وزیراعظم عمران خان کا ’’کرپشن فری پاکستان‘‘ قوم کے دل کی آواز بن چکا ہے۔نئے پاکستان میں ہرعلاقے کویکساں ترقی دے رہے ہیں۔ماضی کی طرح مخصوص شہروں کیلئے وسائل مختص نہیں کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ وویمن یونیورسٹی راولپنڈی اورنئے گرلز ڈگری کالج کے امورجلد نمٹائے جائیں گے اورمیں جلد دوبارہ راولپنڈی کا دورہ کروں گا۔