ریلوے آڈٹ رپورٹ نے نیب نیازی گٹھ جوڑ کے جھوٹ کو دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا ہے ‘‘محمد زبیر

نوازشریف اور ان کی ٹیم کے خلاف عمران صاحب اوران کے حواریوں کا ہر الزام جھوٹ ثابت ہورہا ہے‘سابق گورنر سندھ

منگل 28 جنوری 2020 15:53

ریلوے آڈٹ رپورٹ نے نیب نیازی گٹھ جوڑ کے جھوٹ کو دنیا کے سامنے بے نقاب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما و سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے ریلوے آڈٹ رپورٹ کو موجودہ حکومت کے منہ پر ایک اور طماچہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ نوازشریف اور ان کی ٹیم کے خلاف عمران صاحب اوران کے حواریوں کا ہر الزام جھوٹ ثابت ہورہا ہے ،ہر رپورٹ، ہر ادارہ، ہر منصوبہ نوازشریف کی دیانت اور عمران صاحب کے جھوٹ اور چوری پر مہر تصدیق ثبت کررہا ہے ۔

2013 سے 2018کے درمیان ریلوے ریونیو18 سے بڑھ کر 40 ارب ہونا خواجہ سعدرفیق کی محنت و دیانت کا ثبوت ہے ۔نوازشریف دور میں مال برداری کی مد میں ریلوے کی ایک ارب کی آمدن بڑھ کر 12.4ارب ہونا قومی خدمت کا ثبوت ہے۔آڈٹ رپورٹ نے نیب نیازی گٹھ جوڑ کے جھوٹ کو دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

عمران صاحب ریلوے آڈٹ رپورٹ پڑھتے جائیں اور شرماتے جائیں، ہوسکے تو قوم اورسعد رفیق سے اپنے جھوٹ پر معافی مانگیں،اللہ تعالی کے فضل وکرم سے نوازشریف کی قیادت میں خواجہ سعد رفیق کا کارنامہ آج دنیا کے سامنے سچائی بن کر آگیا ہے ،آج یہ بھی ثابت ہوگیا کہ ماضی میں خواجہ سعد رفیق پر مذموم سیاسی مقاصد کے لئے کیچڑ اچھالاگیا ۔

انہوںنے کہاکہ خواجہ سعد رفیق جیل میں قید ناحق بھگت رہے ہیں لیکن اعلی ترین آڈٹ فرم نے ان کی محنت ودیانت کی گواہی دی ہے ۔آڈٹ رپورٹ اعتراف کررہی ہے کہ ریلوے کی کارکردگی میں حیرت انگیز طورپر تبدیلی واقع ہوئی،اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے حق کو نمایاں اور جھوٹ کو بے نقاب کردیا۔