الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع کرانے پر مزید 25 اراکین صوبائی و قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کر دی

منگل 28 جنوری 2020 17:30

الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع کرانے پر مزید 25 اراکین صوبائی و قومی اسمبلی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2020ء) الیکشن کمیشن نے اثاثہ جات کے گوشوارے جمع کرانے پر مزید 25 اراکین صوبائی و قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے منگل کو جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے 5، پنجاب اسمبلی کے 13، خیبرپختونخوا اسمبلی کے 5 اور بلوچستان اسمبلی کے 2 اراکین کی رکنیت گوشوارے جمع کرانے پر بحال کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 93 خوشاب سے عمر اسلم خان، این اے 264 کوئٹہ سے عصمت الله، خواتین کی مخصوص نشستوں پر عاصمہ حدید، غزالہ سیفی اور اقلیتوں کی نشست پر رکن جمشید تھامس کی گوشوارے جمع کرانے پر رکنیت بحال کر دی گئی ہے۔ پنجاب اسمبلی کے اراکین واثق قیوم عباسی، عمر تنویر، ملک تیمور مسعود، محمد اجمل، شکیل شاہد، محمد وارث عزیز، سعید احمد، عمر آفتاب، ملک احمد سعید خان، محمد ہاشم ڈوگر، نذیر احمد خان، صاحبزادہ محمد غزین عباسی اور محمد طاہر، خیبرپختونخوا اسمبلی کے لیاقت علی خان ، سلطان محمد خان، خوشدل خان ایڈووکیٹ، عائشہ نعیم، بصیرت خان اور بلوچستان اسمبلی کے ملک نعیم بازئی اور فریدہ بی بی کی رکنیت بحال کر دی گئی ہے، اس حوالہ سے چاروں اسمبلیوں کے سپیکرز کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔