شاہ رخ خان کی کزن پشاور میں انتقال کرگئیں

بھارتی ادکار کی چچازاد54سالہ نورجہاں طویل عرصے سے علیل تھیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 28 جنوری 2020 20:43

شاہ رخ خان کی کزن پشاور میں انتقال کرگئیں
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 جنوری۔2020ء) بھارتی اداکار شاہ رخ خان کی کزن 54 سالہ نورجہاں طویل عرصے تک بیمار رہنے کے بعد انتقال کر گئیں نورجہاں کو ’منی‘ بھی کہا جاتا تھا، وہ شاہ رخ خان کے چچا کی بیٹی تھیں اور دونوں کے درمیان تین سے چار بار ملاقات بھی ہوچکی تھی.نورجہاں 2018 میں اس وقت اچانک خبروں میں آگئی تھیں جب انہوں نے نجی ٹی وی سے ایک انٹرویو کے دوران پشاور سے انتخابات لڑنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا نورجہاں نے بتایا تھا کہ شاہ رخ خان ان کے سگے کزن ہیں جو ان کے چچا تاج محمد کے بیٹے ہیں جو پشاور سے پڑھائی اور روزگار کے سلسلے میں متحدہ ہندوستان کے وقت دہلی منتقل ہوئے تھے اور اس دوران برصغیر کی تقسیم ہوگئی تو وہ وہیں رہ گئے.

(جاری ہے)

نورجہاں کے مطابق ان کے آباﺅ اجداد کا تعلق وادی کشمیر سے تھا جو 1895 میں ہجرت کرکے پشاور آئے تھے تاہم متحدہ ہندوستان کے وقت قیام پاکستان سے قبل شاہ رخ خان کے والد ممبئی گئے تو وہیں رہ گئے اور وہیں ان کا خاندان بڑھا.انہوں نے انٹرویو میں بتایا تھا کہ شاہ رخ خان 1978 اور 1980 میں دوبار پشاور آئے تو ان دونوں کی ملاقات ہوئی تھی اور اس وقت ان کی اور شاہ رخ خان کی عمریں 13 سے 14 برس تھیں.انتقال سے قبل نورجہاں کی خواہش تھی کہ وہ ایک بار پھر شاہ رخ خان کو دیکھیں اور وہ چاہتی تھیں کہ بولی وڈ اداکار ان کے پاس آئیں لیکن ایسا نہ ہوسکا‘نورجہاں کے خاندانی ذرائع نے تصدیق کی کہ انہوں نے بیماری کے وقت شاہ رخ خان سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا تاہم ایسا ممکن نہیں ہوسکا.جہاں شاہ رخ خان اپنی کزن سے ملنے پاکستان آئے تھے وہیں نورجہاں بھی شاہ رخ خان اور ان کے اہل خانہ سے ملنے کے لیے متعدد بار بھارت گئی تھیں اور وہ ہر بار شاہ رخ خان کے لیے پشاور سے چپل سمیت دیگر تحائف لے جاتی تھیں. نورجہاں سیاسی طور پر بھی متحرک تھیں اور وہ پشاور میں یونین کونسلر بھی رہیں جب کہ 2018 کے عام انتخابات میں وہ صوبائی یا قومی اسمبلی کی نشست سے اتنخاب لڑنے کی بھی خواہاں تھیں.