فروری سے متعلق چند دلچسپ حقائق

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 2 فروری 2020 23:54

فروری سے متعلق چند دلچسپ حقائق

سال کا دوسرا مہینا فروری سب سے چھوٹا مہینا ہے۔یہ مہینا دلچسپ  حقائق سے خالی نہیں۔ ذیل میں اس مہینے کے حوالے سے چند دلچسپ حقائق بیان کیے جا رہے ہیں۔
•    فروری کا نام فرورا(Februa) کے نام   پر رکھا  گیا ہے۔ یہ لفظ لاطینی februumسے اخذ کیا گیا ہے، جس کا مطلب پاک کرنا ہوتا ہے۔یہ ایک رومی تہوار تھا، جس میں  15 فروری کو صفائی اور پاکیزگی کی رسومات ادا کی جاتی تھی۔


•    فروری اور جنوری کے مہینے سب سے آخر میں رومی کیلنڈر میں شامل ہوئے۔
•    لیپ کے سال میں فروری میں ایک دن بڑھا دیا جاتا ہے۔  لیپ کا سال ہر چار سال بعد آتا ہے لیکن ہر 100 واں سال لیپ کا سال نہیں ہوتا  جبکہ ہر 400 واں سال لیپ کا سال ہوتا ہے۔دوسرے لفطوں میں جو سال 4 یا 400 پر پورا پورا تقسیم ہو جائے وہ لیپ کا سال ہو گا اور جو سال 100 پر پورا پورا تقسیم ہو وہ لیپ کا سال نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

جیسے 2000ء، 2004، 2020ء اور 2400ء وغیرہ لیپ کے سال ہیں جبکہ 1900ء، 2100ء ، 2200ء اور 2300ء لیپ کے سال نہیں ہیں۔
•    713 قبل مسیح میں فروری کو  رومی کیلنڈر میں شامل کیا گیا۔ جولیس سیزر نے حتمی طور پر اس کے 28  یا 29 دن متعین کیے۔
•    فروری کے مہینے کی تعداد کئی بار کم یازیادہ ہوتی رہی ہے۔ایک بار اس کے دنوں کی تعداد 23 بھی کی گئی تھی۔
•    یہ واحد مہینا ہے جو مکمل چاند  کے بغیر گزر سکتا ہے۔


•    شمالی نصف کرے میں یہ سردیوں کا تیسرا مہینا اور جنوبی نصف کرے میں یہ گرمیوں کا آخری مہینا ہوتا ہے۔ شمالی اور جنوبی نصف کرے میں فروری اگست کے برابر ہوتا ہے۔
•    فروری، مارچ اور نومبر کے مہینے ایک ہی دن سے شروع ہوتے ہیں لیکن  لیپ کے سال میں  ایسا نہیں ہوتا۔
•    فروری (February) میں حرف R سب سے زیادہ غلط ہجے کیا جاتا ہے۔2015ء میں فروری کے مہینے میں وائٹ ہاؤس کے پریس آفس  نے کئی بار اس کے ہجے غلط لکھے۔


•    امریکا  میں 40 سال تک اس مہینے کو بلیک ہسٹری منتھ یا افریقی امریکیوں کی شناخت کے مہینے کے طور پر منایا جاتا رہا  ہے۔اس کا آغاز 1926ء میں ہوا تھا جب  سیاہ فام رہنماؤں نے اس مہینے کے دوسرے ہفتے نیگرو ہسٹری ویک کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔
•    فروری کو کئی  دوسرے مہینوں کے طور پر بھی یاد کیا جاتا ہے۔ ان میں امریکن ہارٹ منتھ، کینڈ فوڈ منتھ (Canned Food Month)، گریپ فروٹ منتھ، ہاٹ بریک فاسٹ منتھ ، نیشنل سنیک فوڈ منتھ اور ریٹرن شاپنگ کارٹ ٹو دی سپرمارکیٹ منتھ شامل ہیں۔


•    ہر 1461 میں سے 1 بچہ 29 فروری کو پیدا ہوا ہے۔ اس تاریخ کو پیدا ہونے والے لیپر(leaper) یا لیپنگ(leapling) کہلاتے ہیں۔ لیپ کا سال نہ ہونے پریہ 28 فروری یا 1 مارچ کو  سالگرہ مناتے ہیں۔
•    ویلنٹائن ڈے کا تہوار اس وقت محبت سے زیادہ تجارتی ہوچکا ہے۔ اس دن امریکی تحائف اور چاکلیٹ پر  18 ارب ڈالر کی خریداری کرتے ہیں۔
•    ویلنٹائن پر  انسانوں  ہی نہیں جانوروں سے بھی محبت کا اظہار کیا جاتا ہے۔ 9  ملین امریکی اس دن اپنے کتوں کے لیے تحائف اور کارڈز خریدتے ہیں۔