سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے خورشید شاہ کی ضمانت کے خلاف درخواست کی سماعت 24 فروری تک ملتوی کردی

پیر 10 فروری 2020 19:05

سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے خورشید شاہ کی ضمانت کے خلاف درخواست کی سماعت ..
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2020ء) سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے خورشید شاہ کی ضمانت کے خلاف درخواست کی سماعت 24 فروری تک ملتوی کردی، سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر اور خورشید شاہ کے وکلاء کے دلائل کافی دیر جاری رہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ سکھر کے خصوصی بنچ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کی نیب عدالت سے پچاس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عیوض ضمانت منظور کرنے کے خلاف نیب سکھر کی جانب سے دائر کی گئی منسوخی ضمانت کی درخواست کی سماعت کی سماعت پر خورشید شاہ کے صاحبزادے ایم پی اے سید فرخ شاہ، زیرک شاہ ،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ اور مشیر جیل خانہ جات سندھ اعجاز جکھرانی بھی عدالت میں موجود تھے سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ خورشید شاہ کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے پیپلزپارٹی رہنما سمیت اٹھارہ افراد کے خلاف نیب عدالت میں ریفرنس زیر سماعت ہے جس پر خورشید شاہ کے وکیل مکیش کمار کارڑا نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب نے خورشید شاہ کو 90 روز تک ریمانڈ میں رکھا لیکن کچھ ثابت نہیں کرسکا جس پر عدالت نے انہیں پچاس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عیوض ان کی ضمانت منظور کی تھی تاہم ہم نے مچلکے جمع کرانے کی کوشش کی لیکن مچلکے جمع نہیں کیے گئے نیب کی جانب سے کیے جانے والے اعتراضات بلاجواز ہیں سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے دونوں اطراف کے دلائل سننے کے بعد درخواست کی سماعت 24 فروری تک ملتوی کردی۔