کار کی ٹکر سے نابینا شخص کو بینائی مل گئی

منگل 11 فروری 2020 23:55

کار کی ٹکر سے نابینا شخص کو بینائی مل گئی

پولینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے دعویٰ  کیا ہے کہ و ہ 20 سال سے نابینا تھے لیکن گلی پار کرتے ہوئے ایک گاڑی کی ٹکر لگنے کے بعد اُن کی بینائی واپس آ گئی ہے۔
دو سال پہلے تک پولینڈ کے شہر  گورژوو ویئلوپولسکی سے تعلق رکھنے والے جانوسز گوراج اپنی بائیں آنکھ سے بالکل نابیناتھے جبکہ دائیں آنکھ سے وہ صرف روشنی اور سائے کا ادراک کر سکتے تھے۔

اُن کی بینائی 20 سال پہلے شدید الرجی کےذیلی اثرات کی وجہ سے  ختم ہوئی تھی لیکن 2018 میں ایک دن وہ گلی پار کر رہے تھے کہ ایک گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی۔ اُن کا سر کار کے بونٹ سے ٹکرایا۔ اس کے علاوہ اُن کےکولہے پر بھی شدید چوٹ لگی تھی، جس کے باعث اُن کی سرجری کرنا پڑی۔لیکن اس کے باوجود  یہ حادثہ ان کے لیے ایک نعمت ثابت ہوا۔ اس کے بعد اُن کی بینائی واپس آ گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا  کہ سرجری کے کچھ ہفتوں بعد وہ ہسپتال میں ہی تھے، ایک دن وہ جاگے تو انہیں معمول سے زیادہ روشنی اور سائے نظر آئے۔اس کے بعد انہیں چیزیں واضح دکھائی دینا شروع ہوگئیں۔ انہوں نے ڈاکٹروں کو بھی بتایا لیکن کوئی بھی اس کی وضاحت نہ کر سکا۔
انڈیپنڈنٹ پبلک پروونشل ہوسپیٹل کے ترجمان اگنیسزکا وسمیوسکا کا کہنا ہے کہ  اُن کی بینائی دو ہفتوںمیں بہتر ہوگئی، ہم اس کی وجہ نہیں جانتے ،ہو سکتا ہے کہ یہ کسی دوا کی وجہ سے ہوا ہو۔


جانوسز کی انوکھی کہانی 2018ء میں سامنے آئی تھی لیکن پچھلے ماہ اسے چند بڑی نیوز سائٹ  نے رپورٹ کیا تو یہ کہانی ایک بار پھر سب کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ابھی تک کوئی نہیں جانتا کہ اُن کی بینائی واپس آنے کی اصل وجہ کیا ہے لیکن کچھ ماہرین کا کہنا  ہے کہ یہ  اینٹی کواگولنٹ کے دوسری ادویات کے ساتھ ملا کر دینے سے ہوا ہے، اس کا کار کے حادثے سے کوئی تعلق نہیں۔

متعلقہ عنوان :