صدر پاکستان نے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن میں پہلے پی ایچ ڈی سکالر کو ڈگری دی

بدھ 12 فروری 2020 17:07

صدر پاکستان نے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2020ء) صدر پاکستان ، ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے تیسرے کانووکیشن میں ڈاکٹر عثمان وحید کو پی ایچ ڈی کی ڈگری سے نوازا گیا۔ اور وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے پہلے پی ایچ ڈی سکالر بنے۔ ڈاکٹر عثمان وحید نے پی ایچ ڈی کی ڈگری پروفیسر ڈاکٹر حسن عباس ظہیر سربراہ شعبہ پتھالوجی، کی زیر نگرانی مکمل کی۔

ڈاکٹر عثمان کی تحقیق ہیومن امیونوڈیفینیسی وائرس HIV))کی جنیاتی خصوصیات، ایڈز کے مریضوں میں ادویات کے درست استعمال اور اسکے خلاف مزاحمت پر مشتمل تھی۔یہ تحقیقی مقالعہ جات بین الاقوامی جرائد میںشائع ہوچکے ہیں۔اس تحقیق کو ڈنمارک ، چین اور سوئٹزرلینڈ میں منعقدہ تین بین الاقوامی کانفرنسوں میں بھی پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس تحقیقی مقالعہ نے پاکستان میں ایچ آئی وی / ایڈز کی وبا کی جینیاتی خصوصیات کے بارے میں بنیادی اور جامع اعداد و شمار فراہم کیے ۔

اس تحقیق کی مدد سے پاکستان میں ایچ آئی وی سے متاثرہ مریضوں کی صحت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ڈاکٹر عثمان وحید ایک بہترین تعلیمی ریکارڈ کے حامل ہیں۔ انہوں نے جامعہ پنجاب سے طلائی تمغہ اور قائداعظم یونیورسٹی ، اسلام آباد سے ایم۔فل میں میرٹ اسکالرشپ حاصل کی۔ انہوں نے سری لنکا سے ٹرانسفیوڑن میڈیسن میں فیلوشپ حاصل کی اور پبلک ہیلتھ (پاکستان) اور ایپیڈیمولوجی (لندن ) میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما بھی حاصل کیا ہے۔انہوں نے 80 سے زیادہ قومی اور بین الاقوامی جرائد میں تحقیقی مضامین شائع کیے ہیں اس کے علاوہ ، ڈاکٹر عثمان متعدد قومی اور بین الاقوامی کانفرنسوں میں بھی اپنا کام پیش کرچکے ہیں۔