نوجوان اپنی صلاحیات اور قابلیت کی بنیاد پر ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کر سکتے ہیں، پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت

جمعہ 14 فروری 2020 12:24

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2020ء) شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کہا ہے کہ نوجوان ہی تبدیلی کے محرکات ہیں، جواپنی صلاحیات اور قابلیت کی بنیاد پر ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ کی جانب سے طلباء کو جہاں بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جا رہا ہے وہاں کامیاب کیریئر کیلئے سیکھنے کے بھرپورمواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد آسانی سے عملی زندگی کا آغاز کر سکیںان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کی جانب سے منعقد کیے گئے ’’بگ وز 20‘‘ کی اختتامی تقریب کو مہمان خاص کی حیثیت میں خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اس قسم کی سرگرمیوں کے ذریعے طلباء کو اپنی صلاحیت کے اظہار، ذاتی کاروبار کی اہمیت، ان کی فوائد، مارکیٹ کی ضروریات وغیرہ کے بارے میں نہ صرف معلومات حاصل ہوتی بلکہ ان میں مقابلے کا رجحان بھی پیدا ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافے سے دنیا میں ملازمتوں کے مواقع تیزی سے کم ہوتے جا رہے ہیں اور اس صورتحال میں نجی کاروبار کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے اس لیے ہمیں دنیا میں رونما ہونے والی ان تبدیلیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بزنس ایڈمنسٹریشن کی ڈگری رکھنے والے اپنی مہارت اور قابلیت کی بنیاد پر مارکیٹ کے اندر کامیابی سے اپنی جگہ پیدا کرکے منافع بخش کاروبار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خانگی کاروبار اور سرمایہ کاری میں مقابلے کا جو رجحان چل رہا ہے اس میں جامعہ سندھ کے نوجوان اپنی انفرادیت منوا سکتے ہیں، ان طلباء کی جانب سے مختلف اقسام کے جو شاندار پروڈکٹس تیار کیے گئے ہیںان کی اس محنت کو اگر مارکیٹ سے منسلک کیا جائے تو ان کے بہترین فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں وائس چانسلر نے کہا کہ اس جدید دور میں کاروبار کی ضروریات اور طریقہ کار تبدیل ہو چکے ہیں، اب کوئی بھی کاروبار شروع کرنے کیلئے بھاری سرمایہ کی نہیں بلکہ صلاحیتوں اور قابلیت کی ضرورت ہوتی ہے ایک لیپ ٹاپ اور انٹرنیٹ کی مدد سے آپ اپنا کاروبار شروع کرکے کامیابی کی منازل طئے کر سکتے ہیں، اس سلسلے میں صرف جذبے اور ہمت کی ضرورت ہے وائس چانسلر نے کہا کہ طلباء کی اصلاح کرنے اور ان کی ہمت بڑھانے میں اساتذہ کا اہم کردار ہوتا ہے جو جامعہ سندھ کے قابل اساتذہ بخوبی سرانجام دے رہے ہیں، یہ سرگرمی بھی اس کا ہی حصہ ہے انہوں نے بہترین پروگرام کے انعقاد پر آبی بے اے کی ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے بہترین پروڈکٹس بنانے پر پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کے گروپس کو مبارکباد دی اس سے قبل آئی بی اے کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سید عبدالستار شاہ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں وائس چانسلر سمیت تمام مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہتے ہوئے ’’بگ وز 20‘‘ کا تعارف پیش کیا اور اس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تین روز تک جاری رہنے والی اس سرگرمی میں آئی بی اے، اکنامکس، کامرس اور پبلک ایڈمنسٹریشن کے طلباء نے حصہ لیا جس میں طلباء کے 26 گروپس بنائے گئے، ہر گروپ میں 5 طلباء شامل تھے، جنہوں نے بڑی محنت سے موٹر گاڑیوں، کپڑوں، میک اپ، الیکٹرونکس اور کھانے پینے کے پروڈکٹس تیار کیے انہوں نے کہا کہ اس قسم کی سرگرمیوں کا مقصد طلباء کو تجربات کے ذریعے اپنی صلاحیات ظاہر کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ان کو ذاتی کاروبار کی طرف راغب کرنا اور مارکیٹ کی ضروریات کو سمجھنے کا موقع فراہم کرنا بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلد ہی انسٹیٹیوٹ کی جانب سے جاب فیئر بھی منعقد کیا جائیگا اس موقع پر انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کی رہنمائی، تعاون اور ہمت افزائی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان سرگرمیوں کے پیچھے وائس چانسلر کی ہمت افزائی کا بڑا کردار ہے اس موقع پر وائس چانسلر نے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کے گروپس میں شلیڈز تقسیم کیں مقابلے کے ججز میں آئی بی اے کے اساتذہ ڈاکٹر محمد میمن، ڈاکٹر وشنو پرمار اور ڈاکٹر اکرم شاہانی شامل تھے۔ تقریب میں بیورو آف اسٹیگس کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیرا عمرانی، اکنامکس شعبے کی چیئرپرسن ڈاکٹر عنبرین زیب خاصخیلی کے علاوہ اساتذہ اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔