چند افراد کی ذاتی خواہشات کے پیش نظر کیئے گئے یکطرفہ فیصلہ کے خلاف قانونی جنگ لڑیں گے‘ڈپٹی سپیکر اسمبلی

جمعہ 14 فروری 2020 13:32

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2020ء) ڈپٹی سپیکر اسمبلی سردار عامر الطاف خان نے آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ02ہجیرہ جنڈالی و پڑ کوٹ کی حد بندی پر دائرہ عُذرات پر کیئے جانے والے فیصلے کو انصاف کے مغائر، سیاسی تقسیم اور انسانی حقوق کے سراسر خلاف قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ اُنہوں نے الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہجیرہ جنڈالی، پڑکوٹ کی تمام سیاسی، مذہبی، طلباء، تاجر تنظیموں غرضیکہ ہر مکتبہ ء فکر نے الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔ڈپٹی سپیکر اسمبلی سردار عامر الطاف خان نے کہا کہ چند افراد کی ذاتی خواہشات کے پیش نظر کیئے گئے یکطرفہ فیصلہ کے خلاف قانونی جنگ لڑیں گے۔

(جاری ہے)

اُنہو ں نے کہا کہ اس فیصلہ کی روشنی میں عوام علاقہ کو بجائے سہولت فراہم ہونے کے شدید مُشکلات سے دوچار کر دیا گیا ہے، جلد حلقہ کے عوام و ذمہ داران کا مشترکہ مشاورتی اجلاس بلا کر اس ضمن میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

سردار عامر الطاف خان نے زعماء علاقہ سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جانب سے پیش کیئے گئے عُذرات کو سرے سے زیر غور ہی نہیں لایا گیا، اگر زیر غور لایا جاتا تو متعلقین کو زمینی حقائق کا علم ہوتا۔ قبل ازیں بھی جب الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ کی حد بندی کی گئی درحقیقت موقع ملاحظہ کیا ہی نہیں گیا بلکہ راولا کوٹ ایک سرکاری دفتر میں بیٹھ کر چند افراد سے معلومات لے کر حلقہ کو تقسیم کر دیا گیا، بعد ازاں موقع پر بھی سرسری جائزہ لیا گیا مگر متعصبانہ فیصلہ کیا گیا جس پر شدید احتجاج کرتے ہیں اور عوام علاقہ میںاس فیصلہ پر شدید غم و غُصہ پایا جاتاہے۔