نواز شریف کو امریکہ کے آگے گھٹنے نہ ٹیکنے کی سزا دی گئی ، موجودہ حکومت ہربات مان رہی ہے‘ راناتنویر حسین

لندن میں حکومت کیخلاف کوئی سازش تیار نہیں ہو رہی ،جو کچھ ہو گا پاکستان میں ہی ہو گا اور عوام کی طاقت سے ہو گا

پیر 17 فروری 2020 16:19

نواز شریف کو امریکہ کے آگے گھٹنے نہ ٹیکنے کی سزا دی گئی ، موجودہ حکومت ..
مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کے چیئرمین رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ امریکہ کا کہا نہ ماننے پر نواز شریف کو اقتدار سے الگ کیا گیا ،عمران حکومت امریکہ کی ہر بات مان رہی ہے ،ایسا نہیں ہو سکتا کہ حکومت عوام کو ڈلیور نہ کرے اور پانچ سال حکومت کر پائے ۔

مریدکے میں معروف صحافی اور شاعر بابر شکیل ہاشمی کی کتاب’’ سرد ہوجاتی ہیں سانسیں‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا پاکستان کو معاشی و اقتصادی ، جغرافیائی اور سیاسی اعتبار سے جتنا نقصان عمران حکومت نے پہنچایا ہے اتنا کسی دشمن نے بھی نہیں پہنچایا ،نواز شریف کو امریکہ کے آگے گھٹنے نہ ٹیکنے کی سزا دی گئی اور اقتدار سے الگ کیا گیا ،عمران حکومت امریکہ کا ہر کہنا مان رہی ہے جس کی مثال پوری دنیا نے دیکھی کہ امریکی صدر ٹرمپ نے عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں واضح طور پر کہا تھا کہ سابقہ حکومت کی امداد ہم نے اس وجہ سے بند کی کیونکہ وہ ہماری بات نہیں مانتے تھے جبکہ عمران خان ہماری بات مان رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا اپوزیشن نے حکومت کو موقع دیا کہ عوام سے کئے وعدے پورے کرے اور معاشی صورتحال بھی بہتر کرے مگر اس نے عوام کا جینا حرام کر دیا ،مہنگائی کا طوفان ہے کہ جو رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا جبکہ معیشت کا بیڑہ بھی ڈبو دیا ،حکومت کو مزید وقت دیا تو پاکستان کا بہت زیادہ نقصان ہو جائے گا اور ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ،ایسا نہیں ہو سکتا کہ حکومت ڈلیور نہ کر سکے اور پانچ سال حکومت بھی کرے ۔

انہوں نے کہا شاہد خاقان عباسی کو قائد حز ب اختلاف نہیں بنایا جا رہا یہ محض حکومتی لوگوں کی افواہیں ہیں ،نواز شریف ہی پارٹی کے لیڈر ہیں جوکہ علاج کے بعد پاکستان آئیں گے جبکہ شہباز شریف قائد حزب ہیں اور رہیں گے اور جلد پاکستان آکر ایک ایسی تحریک کا آغاز کریں گے جس سے حکومت کو گھر جانا ہی پڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہم چوہدری نثار کا احترام کرتے ہیں ،میری اطلاع کے مطابق چوہدری نثار لندن میں علاج کیلئے گئے ،مسلم لیگ (ن)کی قیادت سے ان کا کوئی رابطہ اور نہ ہی ان کا آنے والے وقت میں مسلم لیگ (ن) میں کوئی کردار ہے ۔انہوں نے کہا لندن میں حکومت کے خلاف کوئی سازش تیار نہیں ہو رہی جو کچھ بھی ہو گا وہ پاکستان میں ہی ہو گا اور عوام کی طاقت سے ہی ہو گا ۔