مفرور ایس ایس پی لاہور مفخر عدیل گھناونے کام اور ایک ماڈل کے قتل میں ملوث نکلا

چار سال پہلےویلنیشا کے علاقے سے امبر نامی ماڈل کی لاش ملی تھی اس قتل کے موقع پر مفخر عدیل موجود تھا، بعد ازاں لڑکی کے گھر والوں پر پریشر ڈال کر کیس بند کروا دیا گیا، لڑکیوں کو نشہ آور ادویات فراہم کرنے کے کام میں بھی ملوث رہا: سینئر صحافی کا انکشاف

muhammad ali محمد علی منگل 18 فروری 2020 20:16

مفرور ایس ایس پی لاہور مفخر عدیل گھناونے کام اور ایک ماڈل کے قتل میں ..
لاہور (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-18فروری 2020ء) سینئر صحافی کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ مفرور ایس ایس پی لاہور مفخر عدیل گھناونے کام اور ایک ماڈل کے قتل میں ملوث نکلا، چار سال پہلےویلنیشا کے علاقے سے امبر نامی ماڈل کی لاش ملی تھی اس قتل کے موقع پر مفخر عدیل موجود تھا، بعد ازاں لڑکی کے گھر والوں پر پریشر ڈال کر کیس بند کروا دیا گیا، لڑکیوں کو نشہ آور ادویات فراہم کرنے کے کام میں بھی ملوث رہا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی لاہور مفخر عدیل لاپتہ کیس کی تحقیقات میں مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ سینئر صحافی رانا عظیم نے انکشاف کیا ہے کہ مفرور ایس ایس پی لاہور ناصرف اپنے دوست بلکہ ایک ماڈل کے قتل میں بھی ملوث ہے۔ اس کے علاوہ مفخر عدیل رنگ رلیاں منانے کا شوقین اور لڑکیوں کو نشہ آور ادویات فراہم کرنے میں بھی ملوث رہا ہے۔

(جاری ہے)

رانا عظیم کا بتانا ہے کہ مفخر عدیل نے کچھ لوگوں کیساتھ مل کر ایسی میڈیسن اور کاسمیٹکس کا کاروبار بھی شروع کررکھا تھا جو لڑکیوں کو بطور نشہ دیا جاتا تھا۔

مفخر عدیل نے جو سی ایس ایس اکیڈمی بنا رکھی تھی وہاں کئی گھناونے کام کیے جاتے تھے، وہاں 21 لڑکیوں کیساتھ خوفناک کام کیے گئے اور اس حوالے سے اداروں نے ویڈیو شواہد بھی حاصل کر لیے ہیں۔ مفخر عدیل کے دوست کے قتل کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پہلے شہبازتتلہ کو نشہ آور ادویات کھلائی گئیں اور پھر بعد میں اس کے منہ پر تکیہ رکھ کر اسے مارا گیا ۔

بعد ازاں اس کی لاش کو کیمیکل کے ڈرم میں پھینک دیا گیا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ مفخر عدیل نے 3 شادیاں کر رکھی تھیں۔ ایک بیوی ناروال میں رہائش پذیر تھی۔ جبکہ دوسری بیوی آسیہ اور تیسری بیوی عیزہ نامی خاتون ہے۔ مفخر عدیل اپنا تمام خرچہ عیزہ سے لیتا تھا۔ جبکہ آسیہ کو ماہانہ 25 ہزار روپے دیا کرتا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ دوسری بیوی آسیہ سے شادی ہونے کا معلوم ہونے کے بعد عیزہ اور مفخر عدیل کے درمیان ناراضگی چل رہی تھی۔

جبکہ یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ مفخر عدیل نے دوسری بیوی عاسیہ کے ایک ملازم سے تیزاب کے 2 ڈرم بھی منگوائے تھے۔ مفخر عدیل نے ایک سی ایس ایس اکیڈمی بھی بنا رکھی تھی جہاں خواتین کو لایا جاتا اور پھر ان خواتین سے شادی بھی کر لیتا تھا۔ ان ہی معاملات کی وجہ سے مفخر عدیل کے عیزہ سے تعلقات کشیدہ تھے۔ بعد ازاں پھر عیزہ کے ہاں بیٹے کی پیدائش کے بعد مفخر عدیل نے تیسری بیوی کیساتھ تعلقات بہتر کر لیے تھے۔

مفخر عدیل جس روز فرار ہوا اس سے کچھ روز قبل بھی اس نے عیزہ سے ایک لاکھ روپے کی رقم لی تھی اور اسی رقم سے فیصل ٹاون میں ایک گھر کرایہ پر حاصل کیا تھا جہاں غیر اخلاقی پارٹیوں کا انعقاد کیا جاتا تھا۔ دوسری جانب پولیس نے بتایا ہے کہ مفخر عدیل کے قریبی دوست اسد بھٹی کے موبائل فون سے اہم تفصیلات مل گئی ہیں۔ پولیس نے مفخر عدیل کی گمشدگی کی تحقیقات کے دوران ان کے دوست اسد بھٹی کو حراست میں لیا۔

جس کے موبائل سے 7فروری کو ہونے والی پارٹی کی تفصیلات مل گئیں۔ گرفتار ملزم اسد بھٹی نے شہباز تتلا کے قتل کا انکشاف کیا ہے۔ جبکہ مفخر عدیل کو سامنے لانے کے لئے سی آئی اے کی ٹیمیں پنجاب سمیت بلوچستان میں چھاپے مار رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق پولیس کو اسد بھٹی سے دیگر معلومات بھی ملی ہیں جن پر تحقیقات کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔