دیگر ممالک کے ساتھ تجارت میں مشکلات کا باعث بننے والی پالیسیوں سے گریز کرنا چاہتا ہوں، ڈونلڈ ٹرمپ

بدھ 19 فروری 2020 12:09

دیگر ممالک کے ساتھ تجارت میں مشکلات کا باعث بننے والی پالیسیوں سے گریز ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2020ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اپنی انتظامیہ کی مخالفت کے باوجود وہ ایسی پالیسوں سے گریز کرنا چاہتے ہیں جن سے امریکا اور دیگر ملکوں کے درمیان تجارت میں مشکلات آتی ہیں۔یہ بات انھوں نے گزشتہ روز ایک ٹویٹ میں کہی۔انھوں نے کہا کہ امریکا اپنی مصنوعات خریدنے والے ملکوں کے ساتھ تجارتی معاملات کے لیے مشکل ضوابط کا حامل ملک نہیں بننا چاہتا اور نہ ہی بنا رہ سکتا ہے، جن سے ہماری سلامتی کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑے، ہم اپنی کمپنیوں کو مسابقتی میدان میں رہنے کے لیے قوانین کی پاسداری پر مجبور کریں گے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ چین ہمارے جیٹ انجنز خریدے جو کہ دنیا بھر میں سب سے بہترین ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ میں نے کچھ ایسے ضوابط کا مشاہدہ کیا ہے جومضحکہ خیز ہیں۔یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت نے تین سال کے عرصے میں بالخصوص چین اور دیگر ملکوں سے مصنوعات کی درآمد پر بھاری محصول عائد کیے ہیں، اس وقت امریکی حکام جنرل الیکٹرانکس اور فرانسیسی کمپنی سافران ایس اے کے مشترکہ ادارے سی ایف ایم انٹرنیشنل کو جیٹ انجن چین کو فروخت کرنے کے لیے لائسنس کے اجراء سے انکار کررہے ہیں تاکہ چینی ایئرلائن کومک کو اپنی کاروباری سرگرمیوں میں توسیع سے روکا جاسکے، تاہم صدر ٹرمپ یہ انجنز چین کو فروخت کرنے کے حامی ہیں۔