سرکاری تعلیمی اداروں میں غیر ضروری امدادی کتب لگوانے پر سختی سے پابندی عائد کر نے کا فیصلہ

پیر 24 فروری 2020 14:06

سرکاری تعلیمی اداروں میں غیر ضروری امدادی کتب لگوانے پر سختی سے پابندی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2020ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر صوبائی حکومت نے صوبہ بھر کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں غیر ضروری امدادی کتب ، گائیڈز، خلاصے، آئینے ، ماڈل ٹیسٹ پیپرز وغیرہ لگوانے پر سختی سے پابندی عائد کر نے کا فیصلہ کیا ہے اور محکمہ تعلیم پنجاب کے تمام حکام کے نام جاری کئے گے ہدایت نامہ میں کہاگیاہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں امدادی کتب لگوانے والے سربراہان ادارہ اور اساتذہ کے خلاف بھی سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

محکمہ تعلیم سکولز ایجوکیشن فیصل آباد ڈویژن کے ذرائع نے بتایاکہ قبل ازیں بھی سربراہان ادارہ کو اس ضمن میں ہدایت کی گئی تھی لیکن حکومت کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ اب بھی بعض مقامات پر کچھ اساتذہ کی جانب سے طلباء و طالبات کو زبردستی امدادی کتب لگوانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اگر آئندہ کسی جگہ سے امدادی کتب لگوانے کی کوئی شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ سربراہان ادارہ اور اساتذہ کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی۔