شہید خالد بن ولید کی یاد میں ایک روزہ لویو چترال سپورٹس وکلچر فیسٹول کا انعقاد، شائقین کھیل کی کثیر تعداد میں شرکت

فنکار چار ویلو حسین زرین نے صدیوں پرانے ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے روایتی لباس پہن کر ڈھول کی تھاپ پر روایتی رقص سے شائقین کو محظوظ کیا

پیر 24 فروری 2020 16:40

شہید خالد بن ولید کی یاد میں ایک روزہ لویو چترال سپورٹس وکلچر فیسٹول ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2020ء) ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس پشاورکے تعاون سے شہید خالد بن ولید کی یاد میں ایک روزہ لویو چترال سپورٹس وکلچر فیسٹول کا انعقاد کیاگیا جس میں چھ سے زائد ایونٹس منعقد ہوئے اس موقع پر اپر چترال اور لوئر چترال سے تعلق رکھنے والے شائقین کھیل نے کثیر تعداد میں شرکت کی سارا دن قیوم سٹیڈیم کھلاڑیوں اور تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اس موقع پر مشیر برائے اقلیتی امور وزیر زادہ مہمان خصوصی تھے جبکہ ایم پی اے ہدایت الرحمان نے تقریب کی صدارت کی چترال کے ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے چترال کے مخصوص کھانوں اور ہاتھ سے بنائے ہوئے مختلف اشیاء کی نمائش کا بھی اہتمام کیاگیا تھا جس میں شائقین نے بھرپور استفادہ کیا فٹ بال ، فٹسال ، والی بال ، بیڈمنٹن ، ٹیبل ٹینس کوئزمقابلے منعقد ہوئے ، اس موقع پرسپورٹس و تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں اور طلباء میں ایوارڈز تقسیم کئے جس میں فہد خواجہ ، اقراء رحمان ،امین الله حیدر ، سید نجم ،سمیرا پروین ، عالمگیر غازی شامل ہیں ، کوئز کمپیٹیشن میں جلال الدین نے پہلی ، مرزا اسلم بیگ نے دوسری اور جمشید عالم نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

(جاری ہے)

بیڈمنٹن میں زمان اور فرید نے پہلی پوزیشن حاصل کی ، ٹیبل ٹینس میں محمد عماد نے کامیابی حاصل کی ۔ پروگرام کے آخر میں چترال ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے مشہور چترالی سنگر شجاع الحق اور مشہور چترالی ستار نوازبشارت پاشا اور چترال لیویز کے جوانوں نے اپنے بھرپور فن کا مظاہرہ کیا اس موقع پرکلاشی بچیوں نے کلاش کا روایتی رقص اور اپر چترال کے فنکار چار ویلو حسین زرین نے اپنی صدیوں پرانے ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے روایتی لباس پہن کر ڈھول کی تھاپ پر روایتی رقص سے شائقین کو محظوظ کیا ،صوبائی مشیر اقلیتی امور امور زادہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سیاحت اور کھیلوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اپر چترال اور لوئر چترال کے اہم مقامات پر کھیلوں کیلئے سہولیات فراہم کی جارہی ہیں یونین کونسل ، تحصیل اور ڈسٹرکٹ سطح پر گرائونڈز اور جمنیزیم بنائے جارہے ہیں چترال میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے موجودہ حکومت 21 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کو ماہانہ بیس ہزار روپے سکالر شپ کی مد میں دیئے جارہے ہیں جس سے اچھے کھلاڑیوں کیلئے اپنی کارکردگی دکھانے کا یہ بہترین موقع ہے ان کھلاڑیوں کو آگے جاکر بین الاقوامی مقابلوں میںجانے کیلئے بھی مکمل سپورٹ کیاجائیگا۔