ذخیرہ اندوز اور منافع خور کسی نرمی کے مستحق نہیں، کنول شوذب

بدھ 26 فروری 2020 14:31

ذخیرہ اندوز اور منافع خور کسی نرمی کے مستحق نہیں، کنول شوذب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2020ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن قومی اسمبلی کنول شوذب نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے اور ایسے معاشرتی مجرم کسی قسم کی نرمی کے مستحق نہیں ہیں، افراط زر اور بجلی کی قیمتوں پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت معاشرے کے پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔

پی ٹی وی سے گفتگو کے دوران کنول شوذب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی کی حکومت افراط زر پر قابو پانے کے لئے کوشاں ہے اور عام آدمی جلد ہی موجودہ حکومت کی نتیجہ خیز پالیسیوں کے ثمرات سے مستفید ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں سستی قیمتوں پر معیاری خوردنی اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے پوری طرح متحرک ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا ہے تاکہ مناسب قیمتوں پر چینی اور گندم کی دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔ کنول شوذب نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے اور ایسے معاشرتی مجرم کسی قسم کی نرمی کے مستحق نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت بجلی کی قیمت کو مستحکم کرنے اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔کنول شوذب نے مخالفین پر زور دیا کہ وہ بے بنیاد تنقید سے گریز کریں اور قومی مسائل کے حل میں حکومت کا ساتھ دیں۔