سعودی عرب میں خواتین کی فٹ بال لیگ متعارف کرا دی گئی

خواتین فٹ بال لیگ کا پہلا سیزن جدہ، ریاض اور دمام میں کھیلا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 26 فروری 2020 14:27

سعودی عرب میں خواتین کی فٹ بال لیگ متعارف کرا دی گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26فروری 2020ء) سعودی خواتین بے شمار صلاحیتوں اور قابلیتوں سے مالا مال ہیں۔ تاہم ماضی میں ان کے لیے ترقی اور اپنا آپ منوانے کے راہ بند تھے۔ موجودہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی ویژن 2030ء کے تحت مملکت کو ترقی دینے کی خاطر سعودی خواتین کی سماجی اور معاشی شعبوں میں شمولیت پر خاص زور دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے سعودی خواتین کو سرکاری اور نجی شعبے میں سرکاری ملازمتوں میں حصہ دیا گیا۔

جس کی وجہ سے سعودی خواتین کا اعتماد بحال ہوا ہے اور ان کی بے پناہ صلاحیتیں نکھر کر سامنے آئی ہیں۔سعودی حکومت کی جانب سے اب خواتین کے لیے ایک اور شاندار اعلان کیا گیا ہے۔ سعودی مملکت میں اب خواتین بھی فٹ بال لیگ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گی۔

(جاری ہے)

سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کی فٹ بال لیگ متعارف کرا دی گئی ہے۔

یہ فٹ بال لیگ حکومتی سرپرستی میں منعقد ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی اسپورٹس فار آل فیڈریشن کے مطابق 17 میچز پر مشتمل لیگ کا پہلا سیزن جدہ، ریاض اور دمام میں کھیلا جائے گا۔ ان میں 17برس اور اس سے زیادہ عمر کی خواتین شریک ہوں گی۔ سعودی ویمنز فٹبال لیگ کے لیے پانچ لاکھ سعودی ریال کا انعام مختص کیا گیا ہے۔

 
 فیڈریشن کے مطابق خواتین کی فٹ بال لیگ کے انعقاد سے سعودی خواتین کی بڑی گنتی کھیل اور کھیل کے میدانوں کا رُخ کرے گی اور انہیں اپنے سپورٹس سے جُڑی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع میسر آئیں گے۔ واضح رہے کہ 2018ء سے قبل سعودی خواتین کے مردوں کے سپورٹس ایونٹ دیکھنے پر بھی پابندی عائد تھی۔ تاہم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے پہلی بار جنوری 2018 میں خواتین کو مردوں فٹ بال مقابلے دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت دی گئی تھی۔

اس کے بعد سعودی خواتین مردوں کے بہت سے سپورٹس ایونٹ میں بطور ناظرین شرکت کر چکی ہیں۔ بلکہ خود خواتین بھی کئی سپورٹس ایونٹ میں حصہ لینا شروع ہو گئی ہیں۔ سعودی خواتین پر چار عشروں سے ڈرائیونگ پر عائد پابندی بھی 24 جُون 2018ء کو ہٹا لی گئی تھی۔ جس کے بعد مملکت میں ہزاروں مقامی خواتین اپنی گاڑیاں خود چلاتی دکھائی دیتی ہیں۔