شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال اڈیالہ جیل سے رہا

گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے دونوں لیگی رہنماؤں کی ضمانت کی درخواست منظور کر کے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا

Khurram Aniq خُرم انیق بدھ 26 فروری 2020 17:35

شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال اڈیالہ جیل سے رہا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-26فروری2020ء) مسلم لیگ ن کے رہنماؤں شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کو ادیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ دونوں لیگی رہنماؤں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست جمع کروائی ہوئی تھی جس کے بعد گزشتہ روز کیس کی سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک ایک کروڑ کے مچکلے جمع کروانے کے بعد دونوں کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔

ایل این جی ریفرنس میں گرفتار سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کے مچکلے تحصیلدار سے تصدیق کے بعد احتساب عدالت میں پیش کر دیئے گئے۔شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے احتساب عدالت میں مچکلے پیش کئے جس کے بعد ان کی رہائی کی روبکار جاری کر دی گئی۔شاہد خاقان عباسی کی روبکار احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے جاری کی۔

(جاری ہے)

جبکہ دوسر ی جانب لیگی رہنما احسن اقبال کے وکیل نے ان کے ایک کروڑ کے مچکلے احتساب عدالت میں جمع کروائے جس کے بعد جج محمد بشیر نے ان کی رہائی کی روبکار جاری کر دیا ہے۔

عدالت کی جانب سے روبکار جاری ہونے کے بعد دونوں رہنماؤں کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ دونوں لیگی رہنماؤں کو مختلف کیسز میں کرپشن کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد دونوں رہنماوں نے ضمانت کی درخواست دی تھی۔شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی ریفرنس اور احسن اقبال کو ناروال سپورٹس کمپلیکس کیس کے سلسلے میں حراست میں لیا گیا تھا جس کے بعد دونوں کے مقدمات میں پیشی کا سلسلہ جاری تھا۔

گزشتہ ہفتے جج اطہر من اللہ کی طبیعت ٹھیک نہ ہونے کی صورت میں کیس کی سماعت کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔لہذا گزشتہ روز کیس کی سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ نے دونوں لیگی رہنماوں کی ضمانت کی درخواست کو منظور کرلیا تھا جس کے بعد شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔