چین میں7 پاکستانی طلبہ میں کرونا کی تصدیق ہوئی تھی، ظفر مرزا کا انکشاف

ان مریضوں میں6 طلباء مکمل صحت یاب ہوگئے ہیں جبکہ آخری ایک مریض بھی تیزی سےصحت یاب ہو رہا ہے۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 1 مارچ 2020 23:41

چین میں7 پاکستانی طلبہ میں کرونا کی تصدیق ہوئی تھی، ظفر مرزا کا انکشاف
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم مارچ 2020ء) معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ چین میں7 پاکستانی طلبہ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جن میں سے 6 طلباء مکمل صحت یاب ہوگئے ہیں جبکہ ایک مریض بھی تیزی کے ساتھ صحت یاب ہو رہا ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں ہرکسی کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں۔

پاکستان میں چاروں متاثرہ افراد کی حالت بہترہے، چاروں مریض تیزی سے ریکور کر رہے ہیں۔ ڈاکٹرظفرمرزا نے کہا کہ متاثرہ چاروں افراد بہت جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔ ان کی صحت پہلے سے تیزی کے ساتھ بہتر ہورہی ہے۔ چاروں مریضوں کو آئندہ چند روز میں ڈسچارج کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان اور عوام کے وسیع تر مفاد میں چینی حکومت کی ریگولیشنز پر عمل کیا جس کے باعث پاکستان میں اس وائرس کے پھیلاؤ میں کمی ہوئی۔

(جاری ہے)

چینی حکومت سے قریبی رابطے میں ہیں، چین میں سکریننگ اور کلیئرنس کے باوجود پاکستان میں دوبارہ ان لوگوں کی سکریننگ کی جاتی ہے اور انہیں قرنطینہ سینٹر میں رکھا جاتا ہے اور مکمل کلیئرنس کے بعد انہیں جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ یہ جان لیوا مرض نہیں ہے، 98 فیصد لوگ اس بیماری سے مکمل طور پر صحتیاب ہو جاتے ہیں اس لئے گھبرانے اور خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔

دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب نے کورونا وائرس کے مریض کی پہچان کا 7 نکاتی ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مریض کی پہچان کیلئے ساتھ نکاتی ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے۔ جس کے پہلے نمبر پر یہ ہے کہ اگر کوئی فرد تیز بخار، کھانسی اور سانس میں دشورای کا شکارہے اور اس کے ساتھ ایسا فرد کسی متاثرہ ملک یعنی چین اور ایران سے آیا ہو تو ایسا شخص کورونا کا مشتبہ مریض ہو سکتا ہے۔

دوسرے نمبر پراگر کوئی فرد فلو، کھانسی اور سانس کی بیماری کا شکارہے، اور اس شخص کو متاثرہ ملک کا سفر کیے 14 دن سے کم وقت ہوا ہو، یہ بھی کورونا کا مشتبہ مریض ہوسکتا ہے۔ اسی طرح تیسرے نمبر پر ایسا ہیلتھ ورکر جو کورونا مریضوں کی دیکھ بھال کررہا ہو، اور اس کو فلو، کھانسی اور سانس میں دشورای کا مسئلہ ہو، تو یہ ہیلتھ ورکر بھی کورونا کا کیس ہوسکتا ہے۔

چوتھے نمر پر ایسا شخص بھی کورونا کا کیس ہوسکتا ہے جس کا گزشتہ 14دن میں کنفرم کورونا وائرس کے شکار مریض سے قریبی تعلق رہا ہو۔ پانچویں نمبر پر ایسا فلو اور کھانسی کا شکار مریض بھی کورونا کا ہوسکتا ہے جو کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے مریض کے 14 دن قریب رہا ہو۔ اسی طرح ایسا مریض جس کو فلو، کھانسی یا سانس میں دشواری کا مسئلہ ہو، لیکن یہ مریض متاثرہ جگہ یا متاثرہ مریض کے قریب نہیں رہا تو ایسے شخص کو کورونا کا مریض نہ سمجھا جائے۔

آئسولیشن میں صرف ایسے مریض کو رکھا جائے جس میں علامات ظاہر ہوں اور قوت مدافعت کی کمی کا شکار ہو، ایسے شخص کو علیحدگی میں رکھ کر مزید ٹیسٹ کیے جائیں۔ مزید تفصیلات کیلئے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کو 080099000 نمبر پر کال کریں یا  فیس بک پر پیغام بھیجیں۔