پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک کونسل کا اجلاس، انتظامی و تعلیمی سطح پر اہم تبدیلیاں

پیر 2 مارچ 2020 23:09

لاہور۔2 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2020ء) پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک کونسل کااجلاس وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد کی زیر صدارت الرازی ہال میں منعقد ہوا جس میں پنجاب یونیورسٹی میں انتظامی و تعلیمی سطح پر اہم تاریخی تبدیلیوںکا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے ڈینز، سربراہان اور پروفیسرزنے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب یونیورسٹی میں چار پرو وائس چانسلرز کی نشستیں تخلیق کرنے کی سفارش کی گئی جس میں پرو وائس چانسلر اکیڈیمکس، پرو وائس چانسلر ایڈمنسٹریشن ،پرووائس چانسلر سٹوڈنٹ افیئرزاورپرووائس چانسلرریسورس موبلائیزیشن اور ڈین انٹرنیشنلائزیشن کی نشستیں تخلیق کرنے کی سفارش کی گئی۔

اجلاس میں معیار تعلیم میں بہتری اور عالمی رینکنگ میں اضافہ کے لئے تفصیلی بحث کے بعد پنجاب یونیورسٹی ادارہ علوم ابلاغیات کو فیکلٹی آف میڈیا اینڈ کمیونیکشن میں اپ گریڈ کرنے ، شعبہ اکنامکس کو سکول آف اکنامکس ، کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فیکلٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی ،شعبہ سپیشل ایجوکیشن کو انسٹیٹیوٹ آف سپیشل ایجوکیشن ، شعبہ میٹالرجی اینڈ میٹریلز انجینئرنگ کو انسٹیٹیوٹ آف میٹالرجی اینڈ میٹریلز انجینئرنگ ، شعبہ اردو کو انسٹیٹیوٹ آف اردو، شعبہ پنجابی کو انسٹیٹیوٹ آف پنجابی اور اردو ڈیویلپمنٹ کمیٹی کو سنٹر فار اردو ڈیویلپمنٹ بنانے کی سفارش کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی کی رینکنگ میں بہتری پر صدور شعبہ جات نے وائس چانسلرپروفیسر نیازا حمد کو مبارکبادپیش کی ۔ اساتذہ نے کہا کہ شعبہ جات کو اپ گریڈ کرنے سے بین الاقوامی رینکنگ میں مزیداضافہ اور جدید تقاضوں کے مطابق گریجوایٹس پیدا ہوں گے۔