ٹرانسپورٹرزکی آپریشن ضرب عضب کے دوران ہونیوالے نقصانات کا ازالہ نہ ہونے پر وزیرستان میں پہیہ جام کرنے کی دھمکی دیدی

منگل 3 مارچ 2020 19:00

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2020ء) شمالی وزیر ستان کے ٹرانسپورٹروں نے آپریشن ضرب عضب کے دوران ہونے والے نقصانات کا ازالہ نہ ہونے کی صورت میںپورے وزیرستان کی پہیہ جام کرنے کی دھمکی دے دی آپریشن کے دوران گاڑیاں جل جانے اور گم ہونے کے باعث 5 ہزار سے زائدگاڑی مالکان اور ڈرائیورز بے روز گار ہوئے نقصانات کو فوری ازالہ کیا جائے آل ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن شمالی وزیر ستان کے صدر نور علی خان ،حاجی قیمت خان ،پیر سید ولی شاہ اور محمد یاسین خان نے منعقدہ جرگہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران شمالی وزیرستان کے قبائلی بے سر و سامانی کی حالت میں نکلے تھے اور امن و امان کی خاطر اپنے گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی کی تھی اس دوران 5ہزار سے زائد ٹرانسپورٹروں کی گاڑیاں وہی پر رہ گئی تھی جو کہ آپریشن کے دوران یا تو جل گئی تھی یا گم ہو گئی تھی جس کی وجہ سے ان ٹرانسپورٹروں کا بھاری نقصان ہوا اور ساتھ ہی ساتھ یہ ٹرانسپورٹرز بے روزگار بھی ہو گئے کیونکہ ان ٹرانسپورٹروں کی یہی گاڑیاں ذریعہ معاش تھیں انہوں نے کہا کہ آپریشن کے بعد اب وزیر ستان میں امن و امان مکمل طور پر بحال ہو چکی ہے حکومت نے ٹرانسپورٹروں کے علاوہ تمام تر طبقات جن میں تاجر برادری ،دکانداروں اور دیگر شامل ہیں کو اُن کے نقصانات کے ازالے کی صورت میں فنڈز ریلیز کردیئے ہیں جو کہ ایک خوش آئند بات ہے لیکن ٹرانسپوٹرز جن کا بھی آپریشن میں بھاری نقصان ہوا ابھی تک اُن کے کسی قسم کے نقصانات کا ازالہ نہیں ہوا جس سے دوبارہ وزیر ستان کا امن خراب ہونے کا بھی خدشہ ہے کیونکہ 5ہزار سے زائد خاندانیں بے روزگاری کا شکار ہیں اُن کا کوئی دوسرا ذریعہ معاش نہیں انہوں نے کہا کہ ہم شمالی وزیر ستان کی تحصیلوں دتہ خیل ،رزمک ،سپین وام ،گڑیوم ،میرانشاہ ،میرعلی ،دوسلی اور دیگر علاقوں سے 5ہزار ٹرانسپورٹروں کے فارم صوبائی وزیر اقبال وزیر سمیت تمام متعلقہ اداروں کو جمع کرائے ہیں جو کہ حکومت کے توجہ طلب ہیںانہوں نے وزیر اعظم عمران خان ، گورنر خیبر پختونخوا ،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پران ٹرانسپورٹروں کے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے بصورت دیگر وہ اپنے مطالبات کے حق میں وزیر ستان میں احتجاجی دھرنا دیں گے اور وزیرستان میں مکمل طور پر پہیہ جام کریں گے ۔