نیا پاکستان ہاؤسنگ کا 11 مارچ کوباقاعدہ افتتاح کریں گے، عمران خان

ہاؤسنگ منصوبے کو ملک بھرمیں لے کرجائیں گے، 3 میگا پراجیکٹ پر کام کررہے ہیں، میگا منصوبوں سے جوبھی پیسا آئے گا متوسط طبقات کے گھروں کی تعمیر پر لگائیں گے۔وزیراعظم کا کم لاگت پر گھروں کی تعمیر کے پروگرام کی تقریب سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 3 مارچ 2020 19:58

نیا پاکستان ہاؤسنگ کا 11 مارچ کوباقاعدہ افتتاح کریں گے، عمران خان
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مارچ 2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ کا 11 مارچ کو باقاعدہ افتتاح کریں گے، نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کو پورے ملک میں لے کرجائیں گے، تین میگا پراجیکٹ پر کام کررہے ہیں ، ایک میگا پراجیکٹ اسلام آباد میں لانچ کردیا ، ان منصوبوں سے جوبھی پیسا آئے گا ہم متوسط طبقات کے گھروں کی تعمیر پر لگائیں گے۔

انہوں نے کم لاگت پر گھروں کی تعمیر کے پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیراتی ادارے کی کامیابی اعتماد پر مبنی ہوتی ہے۔لوگوں کو خیراتی اداروں پر اعتماد ہونا چاہیے۔ خیراتی اداروں کو خیرات دینا آخرت کیلئے سرمایہ کاری کرنا ہے۔عوام کا اعتماد بحال ہوجائے تو پیسے کی کمی نہیں ہوگی۔ شوکت خانم بنانے کا ارادہ کیا تو کہا گیا کہ 70کروڑ لگیں گے۔

(جاری ہے)

شوکت خانم کیلئے عوام ہرسال بڑھ چڑھ کر امداد دیتے ہیں۔ کم آمدنی والے طبقات کو سہولیات فراہم کریں گے کہ گھر بنائیں، مستحق طبقات کو گھر بنا کر دینے کے موقعے کو سراہتا ہوں۔کم لاگت میں گھربنانے کا منصوبہ صرف مستحق لوگوں کیلئے ہے۔اس کا مقصد کم آمدنی اور تنخواہ دار طبقات کو سہولت فراہم کرنا ہے۔حکومت کا سب سے بڑا کام ملک کے اندرایسے لوگوں کی مدد کرنا جو زندگی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتے ہیں، ایک مہذب معاشرے کی پہچان اپنے کمزور طبقات کو اوپر اٹھانا ہوتی ہے، ان کے بچوں کو سکول بھیجنا، کھانا دینا اور چھت فراہم کرنا ہوتا ہے۔

حکومت لوگوں کو سرمایہ کاری ، کاروبار کرنے ، روزگار کیلئے مدد اور ماحول فراہم کرتی ہے۔ہماری حکومت کی یہی کوشش ہے کہ ہم عام آدمی کو وہ تمام چیزیں فراہم کریں جو امیرلوگوں کو حاصل ہیں۔ کم لاگت گھروں کی تعمیر کیلئے بلاسود قرضے دیں گے۔ میری کوشش ہے کہ دیہاتوں میں کمزورطبقات کیلئے روزمرہ کی چیزیں پیدا کریں گے، وسائل اور روزگار کے مواقع پیدا کریں۔

ہماری تمام تر توجہ اور احساس پروگرام کمزور طبقات کو اوپر اٹھانے کیلئے ہے۔ گھربنانے کا پروگرام کافی سست روی کا شکار رہا، ہمارا حکومتی سسٹم بھی سست تھا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نیاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام لانچ کرنے کیلئے ہم تیارہیں۔ انشاء اللہ 11 مارچ کو ہاؤسنگ کا پہلا افتتاح ہوگا، پھر پورے پاکستان میں اس کولے جائیں گے۔تین میگا پراجیکٹ کررہے ہیں ، ایک میگا پراجیکٹ ہم نے اسلام آباد میں بلیوایریالانچ کردیا ہے۔اس منصوبے سے جیسے جیسے پیسا آئے گا ہم غریبوں کے گھروں کی تعمیر پر لگاتے جائیں گے۔