امریکہ نے تیل و گیس کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی کروائی ہے، امید ہے ایگزون کمپنی پاکستان میں آ جائے گی

پاکستان امریکہ کی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنا چاہتا ہے، امریکہ سے جی ایس پی سہولت پر بات ہوئی ہے، سی پیک امریکہ کے لئے کھلا ہے: مشیر برائے تجارت و ٹیکسٹائل عبدالرزاق دائود

بدھ 4 مارچ 2020 22:36

امریکہ نے تیل و گیس کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی کروائی ہے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مارچ2020ء) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ امریکہ نے تیل و گیس کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی کروائی ہے، امید ہے ایگزون کمپنی پاکستان میں آ جائے گی، افغان امن معاہدے کے بعد پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، پاکستان امریکہ کی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنا چاہتا ہے، امریکہ سے جی ایس پی سہولت پر بات ہوئی ہے، سی پیک امریکہ کے لئے کھلا ہے، کرونا وائرس کے باعث تجارتی نقصان کے بارے میں ابھی کچھ کہنا مشکل ہے۔

مشیر تجارت کا کہنا ہے کہ پاکستان نے امریکہ کو سی پیک میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے، یہ دعوت امریکی وزیر تجارت ولبر راس کے دورہ پاکستان کے موقع پر دی گئی۔ مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل عبدالرزاق دائود نے کہا کہ امریکہ نے تیل و گیس کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی اور امید کر تے ہیں کہ امریکی ایگزون کمپنی جلد پاکستان میں آجائے گی۔

(جاری ہے)

مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے جولائی میں امریکہ کا دورہ کیا تھا، وزیر اعظم عمران خان اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان زبردست ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ امریکہ سے جی ایس پی کی سہولت پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے اور امریکہ نے ٹیفا کا اجلاس بلانے کا اعلان بھی کیا ہے۔ امریکہ سے کہا ہے کہ بڑی کمپنیوں کے دفاتر پاکستان میں کھولے جائیں، امریکی سفیر سے ٹریول ایڈوائزری کا معاملہ بھی اٹھایا ہے۔

امریکہ سے ای کامرس، زراعت اور تیل گیس میں سرمایہ کاری بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ امریکہ کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدے کا معاملہ بھی اٹھایا ہے، امریکہ سے آزادانہ تجارت کے معاہدہ پر ایک طویل وقت لگتا ہے، امریکہ کے ساتھ دو طرفہ سرمایہ کاری آہستہ آہستہ بڑھے گی۔