ہزارہ یونیورسٹی میں کورونا وائرس سے آگاہی اور بچائو کے حوالہ سے سیمینار کا انعقاد

جمعہ 6 مارچ 2020 21:13

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2020ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے جناح ہال میں مائیکرو بیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام کورونا وائرس سے آگاہی اور اس سے بچائو کے حوالہ سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کے ریسورس پرسن مائیکرو بیالوجی کے لیکچرار ڈاکٹر اقبال علوی تھے۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ کورونا وائرس سے پوری دنیا میں لوگ متاثر ہو رہے ہیں جبکہ اس کے متاثرین میں خواتین، بچے اور بوڑھے افراد کی تعداد زیادہ ہے جن کی بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت نسبتاً کم ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بیماری سے بالکل گھبرانا نہیں چاہئے بلکہ مضبوط قوت ارادی سے اس بیماری کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے کیونکہ اس بیماری میں شرح اموات صرف 2.5 فیصد ہے جبکہ کورونا کے شکار بیشتر مریض صحب یاب ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس مرض سے احتیاطی تدابیر کے طور پر ہمیں صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں کو اپنانا چاہئے تاکہ اس مرض کے وائرس کے پھیلائو کو روکنے میں مدد ملے، پاکستان سمیت دنیا بھر کے طبی ماہرین کورونا وائرس سے بچائو کی ادویات ایجاد کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہیں، انشاء الله جلد ہی کامیابی حاصل ہو جائے گی۔

سیمینار کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور حسین شاہ نے اس موقع پر کہا کہ کورونا وائرس کے موضوع پر آج کا سیمینار نہایت اہمیت کا حامل ہے، اس سیمینار کے ذریعہ لوگوں کو مفید معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ اس مرض بیخ کنی کیلئے عالمی سطح پر کوششیں جاری ہیں اور جلد ہی دنیا بھر میں پھیلے اس مرض سے نجات مل جائے گی۔

وائس چانسلر نے مزید کہا ہمیں چاہئے کہ اس سیمینار سے حاصل کی گئی معلومات کو دیگر لوگوں تک پہنچائیں تاکہ ان میں کورونا مرض کے بارے میں پایا جانے والے خوف اور بے چینی ختم ہو اور وہ معمول کی زندگی گذار سکیں۔ سیمینار میں یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی و تحقیقی شعبوں کے سربراہان، فیکلٹی ممبران اور ملازمین نے کثیر تعدا میں شرکت کی۔