لتھووینین شخص نے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے اپنی بیوی کو باتھ روم میں بند کر دیا

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 6 مارچ 2020 23:53

لتھووینین شخص نے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے اپنی بیوی کو  باتھ روم ..

لتھووینیا کے میڈیا نے حال ہی میں ایک دلچسپ واقعہ رپورٹ کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایک لتھووینین شخص نے اپنی بیوی کو  کورونا وائرس سے بچنے کے باتھ روم میں بند کر دیا۔بیوی کے چیخنے چلانے پر بھی انہوں نے انہیں   باہر نہیں آنے دیا۔
26 فروری کو رات 8 بجکر 35 منٹ پر ویلنیوس،  لتھووینیا میں پولیس  ایک خاتون نے فون کیا۔ یہ خاتون قریبی مضافاتی علاقے آنتاکالنیس  سے بات کر رہی تھیں۔

خاتون کا کہنا تھا کہ انہیں اُن کے شوہر اور دو بالغ بیٹوں نے باتھ روم میں بند کر دیا ہے۔پولیس جب موقع پر پہنچی تو انہیں معلوم ہوا کہ یہ کوئی عام گھریلو جھگڑا نہیں تھا۔ شوہر نے پولیس کو بتایا کہ بے شک اُنہوں نے اپنی بیوی کو باتھ روم میں بند کیا تھا لیکن یہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے کیا تھا۔

(جاری ہے)


رپورٹ کے مطابق خاتون نے حال ہی میں اٹلی کا سفر کیا تھا، جہاں وہ کچھ چینی افراد سے بھی رابطے میں رہیں۔

خاتون نے اپنے شوہر سے خود کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا۔ شوہر نے بیوی کو تسلی دینے بجائے ایک ڈاکٹر کو فون کیا اور انہیں اپنے خدشات سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر نے شوہر کو مشور ہ دیا کہ  وہ خاتون کو کچھ دنوں کے لیے الگ کر دیں۔ اس پر شوہر اور اُن کے بیٹوں نے خاتون کو باتھ روم میں بند کر دیا۔
شوہر کا کہنا ہے کہ وہ  اپنی بیوی کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتے تھے بلکہ وہ تو ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل کر رہے تھے تاکہ کورونا وائرس اُن کی بیوی سے دوسروں کو نہ لگے۔

شوہر نے بیوی پر تشدد نہیں کیا تھا اور بیوی نے بھی کوئی رپورٹ درج نہیں کرائی تھی، اس لیے پولیس نے بس ایمبولینس بلا کر خاتون کو کورونا وائرس کے ٹسٹ کے لیے بھیج دیا۔
خوش قسمتی سے شوہر کے خدشے بے بنیاد رہے کیونکہ خاتون کا ٹسٹ نیگیٹو آیا۔ تاہم اس  کہانی سے کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں پھیلی بے چینی کا پتا چلتا ہے۔