پی ایس ایل5،پشاورزلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 7 رنز سے ہرا دیا

شاداب خان اور منرو کی نصف سنچریاں رائیگاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 7 مارچ 2020 17:55

پی ایس ایل5،پشاورزلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ ..
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7مارچ2020ء ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں پشاورزلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 7 رنز سے ہرا دیا۔راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پشاور زلمی نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو کامران اکمل نے روایتی جارحانہ انداز اپنایا اور 7رنز بنانے والے امام الحق کے ساتھ ٹیم کو 44رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔

اس سے قبل کہ کامران اکمل مزید خطرناک ثابت ہوتے، لیگ میں پہلا میچ کھیلنے والے اسپنر ظفر گوہر نے ان کی 37رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔پشاور زلمی نے 9اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 85رنز بنائے ہی تھے کہ بارش کے سبب میچ کو روک دیا گیا اور امپائرز نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

مسلسل بارش کے سبب ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پشاور زلمی کی ٹیم کو7رنز سے کامیاب قرار دیدیا گیا۔

قبل ازیں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اسلام آباد یونائیٹڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو لیوک رونکی اور رضوان حسین کوئی قابل ذکر کارکردگی دکھائے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔2وکٹیں گرنے کے بعد کولن منرو کا ساتھ دینے کپتان شاداب خان آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔

کولن منرو دو چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی لیکن 52رنز بنانے کے بعد کارلوس بریتھ ویٹ کے پہلے ہی اوور میں انہیں وکٹ دے بیٹھے۔دوسرے اینڈ سے شاداب خان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ففٹی مکمل کی اور کولن انگرام کے ساتھ ٹیم کو بہتر مجموعے تک پہنچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔منرو کے بعد شاداب کا ساتھ دینے کولن انگرام آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 76رنز کی شراکت قائم کی جس میں انگرام کا حصہ 41 رنز کا رہا جو حسن علی کی دوسری وکٹ بن گئے۔

شاداب خان اننگز کے 19ویں اوور میں 77رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 4چھکے شامل تھے۔آخری اوور میں راحت علی نے صرف 6رنز دیے جس کے سبب یونائیٹڈ کی ٹیم 200 رنز کا ہندسہ عبور نہ کر سکی اور مقررہ اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 195رنز بنائے۔میچ میں پشاور زلمی نے انتہائی ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں کے چار سے پانچ کیچز ڈراپ کیے۔

پشاور زلمی کی جانب حسن علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل بارش کے سبب میچ کا ٹاس تاخیر سے ہوا اور راولپنڈی میں بادلوں کا راج ہے جس کے سبب میچ کے بارش سے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔آج کے میچ کی خاص بات یہ ہے کہ آج کینسر سے آگاہی کا دن منایا جا رہا ہے اور اسی مناسبت سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑی گلابی رنگ کی ٹوپیاں پہن کر میچ میں شرکت کریں گے۔