سعودی ولی عہد نے شاہی خاندان کی سب سے طاقتور شخصیت کو گرفتار کر کے امریکا اور برطانیہ سے کیا گیا وعدہ توڑ دیا

2018 میں شہزاد احمد بن عبدالعزیز السعود کی سعودی عرب پر واپسی پر امریکی و برطانوی خفیہ اداروں نے محمد سلمان سے گارنٹی لی تھی کہ سعودی فرمانروا کے بھائی کو دوبارہ گرفتار نہیں کیا جائے گا

muhammad ali محمد علی اتوار 8 مارچ 2020 00:02

سعودی ولی عہد نے شاہی خاندان کی سب سے طاقتور شخصیت کو گرفتار کر کے امریکا ..
ریاض (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔07مارچ 2020ء) سعودی ولی عہد نے شاہی خاندان کی سب سے طاقتور شخصیت کو گرفتار کر کے امریکا اور برطانیہ سے کیا گیا وعدہ توڑ دیا، 2018 میں شہزاد احمد بن عبدالعزیز السعود کی سعودی عرب پر واپسی پر امریکی و برطانوی خفیہ اداروں نے محمد سلمان سے گارنٹی لی تھی کہ سعودی فرمانروا کے بھائی کو دوبارہ گرفتار نہیں کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق خلیجی خبر رساں ادارے مڈل ایسٹ آئی کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سعودی فرمانروا کے طاقتور بھائی شہزاد احمد بن عبدالعزیز السعود کو گرفتار کر کے ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکا و برطانیہ سے کیا گیا وعدہ توڑ دیا ہے۔ 2017 کی انسداد بدعنوانی مہم کے بعد شہزاد احمد بن عبدالعزیز السعود نے جلاوطنی اختیار کر لی تھی اور لندن میں مقیم ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

تاہم بعد ازاں انہوں نے 2018 میں تمام تر خطرات کے باوجود اپنے ملک واپس آنے کا فیصلہ کیا اور پھر اکتوبر 2018 میں سعودی عرب واپس آگئے تھے۔ شہزاد احمد بن عبدالعزیز السعود کی سعودی عرب واپسی سے قبل امریکی و برطانوی خفیہ اداروں نے ولی عہد سے وعدہ لیا تھا کہ شہزاد احمد کو گرفتار نہیں کیا جائے گا، تاہم اب محمد بن سلمان نے وعدہ کی پاسداری نہ کرتے ہوئے اپنے چچا کو گرفتار کروا دیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو مبینہ طور پر اب تک کی سب سے بڑی بغاوت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سعودی شاہی خاندان کے افراد کیخلاف شروع کیے گئے آپریشن میں اب تک 20 شہزادے گرفتار کیے جا چکے ہیں، تاہم گرفتار افراد میں سے صرف 4 کا ہی نام ظاہر کیا گیا ہے۔ گرفتار افراد میں 2 سب سے نمایاں نام سعودی شاہ سلمان کے بھائی شہزاد احمد بن عبدالعزیز السعود، ان کے صاحبزادے نائف بن احمد ، ان کے بھیتجے شہزادہ محمد بن نائف شامل ہیں۔

ان افراد کو ان کے گھروں سے شاہی محافظوں نے حراست میں لے لیا۔ان شہزادوں پر بغاوت کا الزام عائد کیا گیا ہے۔جبکہ شہزادہ نائف کے چھوٹے بھائی شہزادہ نواف بن نائف کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے گرفتار شہزادوں پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ غیر ملکی طاقتوں سے مل کر ان کیخلاف بغاوت کی سازش کر رہے تھے۔