وزیراعظم عمران خان بلوچستان‘ جنوبی پنجاب اور فاٹا سمیت ملک کے ہر پسماندہ علاقے اور طبقے کو ان کے حقوق دینا چاہتے ہیں‘ +

بلوچستان کے وسائل سے بلوچستان کے عوام کو حق ملے گا وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا قومی اسمبلی میں سردار اختر مینگل کی طرف سے اٹھائے گئے نکات پر جواب

منگل 10 مارچ 2020 18:08

وزیراعظم عمران خان بلوچستان‘ جنوبی پنجاب اور فاٹا سمیت ملک کے ہر پسماندہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2020ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان‘ جنوبی پنجاب اور فاٹا سمیت ملک کے ہر پسماندہ علاقے اور طبقے کو ان کے حقوق دینا چاہتے ہیں‘ بلوچستان کے وسائل سے بلوچستان کے عوام کو حق ملے گا‘ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ایسے پی ایس ڈی پی کو پذیرائی نہ دی جائے جس میں بلوچستان‘ فاٹا اور دیگر پسماندہ علاقے شامل نہ ہوں۔

منگل کو قومی اسمبلی میں سردار اختر مینگل کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کے جواب میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ان چند قومی لیڈرز میں سے ہیں جو چھوٹے صوبوں‘ پسماندہ علاقوں اور غریبوں کی بات کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان سندھ‘ جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے عوام کو ان کا حق دینے کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کراچی اس لئے گئے تاکہ وہاں کے مسائل حل ہوں۔ کابینہ ڈویژن نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی پی ایس ڈی پی کو پذیرائی نہیں ملے گی جن میں بلوچستان‘ فاٹا اور دیگر پسماندہ علاقے شامل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل سے بلوچستان کے عوام کو حق ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح عمران خان نے ہمیں 2015ء میں یہ ہدایت کی کہ کشمیریوں کو پیغام دیا جائے کہ کشمیر کے فیصلے کشمیری کریں گے۔ ہم کسی کی حق تلفی نہیں کریں گے۔