کرونا وائرس عالمی سطح پر بے قابو ہونے لگا، چین سے باہر اموات کی تعداد 1 ہزار سے تجاوز کر گئی

اٹلی وائرس سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک، 631 افراد لقمہ اجل بن چکے، پورے ملک کو لاک ڈاون کر دیا گیا، چین سے باہر کرونا وائرس اموات کی تعداد 1115 ہوگئی

muhammad ali محمد علی بدھ 11 مارچ 2020 00:42

کرونا وائرس عالمی سطح پر بے قابو ہونے لگا، چین سے باہر اموات کی تعداد ..
روم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مارچ2020ء) کرونا وائرس عالمی سطح پر بے قابو ہونے لگا، چین سے باہر اموات کی تعداد 1 ہزار سے تجاوز کر گئی، اٹلی وائرس سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک، 631 افراد لقمہ اجل بن چکے، پورے ملک کو لاک ڈاون کر دیا گیا، چین سے باہر کرونا وائرس اموات کی تعداد 1115 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی دنیا بھر میں تباہ کاریاں جاری ہیں۔

ابتدائی طور پر صرف چین میں پھیلنے والا خطرناک کرونا وائرس اب دنیا کے بیشتر ممالک میں پھیل چکا ہے۔ چین سے باہر کرونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 1 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ چین کے علاوہ دیگر ممالک میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1115 ہو چکی ہے۔ چین کے بعد کرونا وائرس سے سب سے زیادہ اٹلی متاثر ہوا ہے، جہاں اب تک 631 افراد اس وائرس کا شکار ہو کر اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی باعث اب پورے اٹلی کو لاک ڈاون بھی کر دیا گیا ہے۔ اٹلی میں اب تک 10 ہزار سے زائد افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اٹلی کے بعد ایران کرونا وائرس سے متاثرہ تیسرا بڑا ملک ہے، جہاں اب تک سینکڑوں افراد وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے۔ اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا کہ کرونا وائرس ایک وبا کی صورت اختیار کرنے کے قریب پہنچ چکا ہے تاہم اب بھی مطلوبہ اقدامات کے ذریعے اس کے پھیلاؤ پر کنٹرول حاصل کیا جا سکتا ہے۔

ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہینوم گیبریسوس کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد تقریبا 1.1 لاکھ میں سے 93 فی صد کیس چار ملکوں میں ریکارڈ کیے گئے۔ یہ ممالک چین، جنوبی کوریا، اٹلی اور ایران ہیں۔ کرونا وائرس بہت سے ممالک میں قدم جما چکا ہے جس کے بعد اس کے حقیقی طور پر ایک وبا میں تبدیل ہونے کا خطرہ جنم لے چکا ہے۔ تاہم اس پر کنٹرول پایا جا سکتا ہے۔