موسم کی تبدیلی اور حالیہ بارشوں کے باعث ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت

جمعہ 13 مارچ 2020 14:44

موسم کی تبدیلی اور حالیہ بارشوں کے باعث ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2020ء) موسم کی تبدیلی اور حالیہ بارشوں کے باعث ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ فیصل ۱ٓباد سمیت ڈویژن بھر میں بارشوں کے موجودہ موسم میں ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کیلئے اقدامات کو مؤثر بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور اس ضمن میں انسداد ڈینگی سکواڈز فیلڈ میں رہ کر لاروا کی تلاش اور تلفی کیلئے اپنی ذمہ داریوں کو سو فیصد پورا کریں ۔

کمشنر فیصل آبادڈویژن عشرت علی نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن، میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹیز،ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام کو ہدائت کی کہ محکمانہ طورپر حفاظتی و انسدادی اقدامات کے ساتھ ساتھ ڈینگی لاروا کی افزائش کی روک تھام کیلئے شہریوں میں احساس کو بھی بیدار کیا جائے اور خصوصی طور پر ٹائر شاپس ، کباڑ خانوں ، فیکٹریوں‘ زیر تعمیر عمارتوں ، قبرستانوں اور پارکس وغیرہ کو بار بار چیک کریں اور ڈینگی لاروا کے سدباب کیلئے صفائی ستھرائی اور دیگر احتیاطی اقدامات نہ کرنے والے ٹائرز و کباڑ کی دکانوں اور دیگر کمرشل عمارتوں کے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تعلیمی اداروں میں انسداد ڈینگی کے بارے میں خصوصی لیکچرز دینے ، سیمینار ، واکس اور دیگر آگاہی پروگرامز کے انعقاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے سماجی تعاون ناگزیر ہے ۔انہوں نے کسی بھی جگہ لاروا ملنے کی صورت میں ان مقامات کی فوری کیمیکل ٹریٹمنٹ اور آئندہ کڑی نظر رکھنے کی ضرورت اور بے جا سپرے سے گریز کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ محکمہ صحت اور دیگر انٹامالوجسٹ کی رائے کے برخلاف ایساکوئی اقدام نہ کیا جائے جس سے کسی قسم کی ناخوشگوار صورتحال کا خدشہ پیدا ہو نے کا امکان ہو ۔

متعلقہ عنوان :