کورونا وائرس کے خطرے کے پیشِ نظر وزیراعظم عمران خان کو لوگوں سے ملاقاتیں نہ کرنے کا مشورہ

" کرونا وائرس سے متعلق میٹنگز بہت ضروری ہیں ،اگر یہ میٹنگز نہ ہوئیں تو بڑا نقصان ہوسکتا ہے": وزیراعظم عمران خان کا ملاقاتیں بند کرنے سے انکار

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 13 مارچ 2020 23:19

کورونا وائرس کے خطرے کے پیشِ نظر وزیراعظم عمران خان کو لوگوں سے ملاقاتیں ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 مارچ 2020ء) کورونا وائرس کے خطرے کے پیشِ نظر وزیراعظم عمران خان کو لوگوں سے ملاقاتیں نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے جس پر جواب دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ " کرونا وائرس سے متعلق میٹنگز بہت ضروری ہیں ،اگر یہ میٹنگز نہ ہوئیں تو بڑا نقصان ہوسکتا ہے"۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈ یا شہباز گل نے بتا یا ہے کہ حکومت کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروے کار لا رہی ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم نے سخت اقدامات لینے کا فیصلہ کیا ہے ، انہوں نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کو ملاقاتیں بندکرنے کا مشورہ دیا گیا لیکن انہوں نے انکار کردیا۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے 5اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے، چھٹیوں کے دوران تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل معطل رہے گا، تمام سکول، یونیورسٹیاں ، کالجز،مدارس اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں کورونا وائرس کے حوالے سے ملک گیرمہم چلانے اور ملکی سرحدوں، ایئرپورٹس پر سخت انتظامات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلا س کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ٹویٹر پراعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت نے ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں تعلیمی ادارے 5اپریل تک بند رکھے جائیں گے۔

چھٹیوں کے دوران تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل معطل رہے گا۔ تمام سکول، یونیورسٹیاں ، کالجز اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ شفقت محمود نے کہا کہ 27مارچ کو دوبارہ اجلاس بلایا جائے گا جس میں کورونا وائر س کی صورتحال دیکھ کر تعلیمی اداروں میں مزید چھٹیوں سے متعلق جائزہ لیا جائے گا۔