کشمیرانسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ آزادجموں و کشمیر نے کرونا وائرس سے بچائو اوراحتیاط کیلئے آگاہی مہم کا آغاز کردیا

پیر 16 مارچ 2020 20:14

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2020ء) کشمیرانسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ آزادجموںو کشمیر(کم ) نے کرونا وائرس سے بچائو اوراحتیاط کیلئے آگاہی مہم کا آغاز کردیا ، ڈائریکٹر جنرل کشمیرانسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ بریگیڈئراختر حسین شاہ نے کرونا وائرس کے خطرات کے تدارک کیلئے حکومت آزادکشمیر کے فیصلے کے مطابق ورلڈہیلتھ آرگنائزیشن کی ہدایات کی روشنی میںکئے گئے اقدامات سے صحافیوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کی تشخیص کے لئے سنسرحاصل کرلیا ہے ،ادارہ میں آنے والے ہرشخص کو تشخیصی مراحل سے گزرنا ہوگا ، کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ میں اعلیٰ سرکاری افسران تربیت حاصل کرتے ہیں اس لیے اس کی مینجمنٹ ٹیم نے سب سے پہلے ان افسران کی آگاہی کیلئے ہاتھ دھونے اوردیگر تمام حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں ،کشمیرانسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ آزادکشمیر کا ایک مثالی ادارہ ہے جس کی پیشہ ورانہ مہارت کی حامل ٹیم ریاست کی جانب سے عائد کردہ ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونے کیلئے تمام ترصلاحیتیں بروئے کار لارہی ہے ،تاکہ ریاست کے لوگوں کوحکومتی پالیسی کے مطابق بہتر سروسز مہیا کی جاسکیں ،اس موقع پر چیف انسٹرکٹر ابرار احمد ، ڈائریکٹرنگ اسٹاف کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ طارق محمود بٹ بھی موجو د تھے ۔

(جاری ہے)

بریگیڈئر اختر حسین شاہ کروناوائرس عالمی سطح پر پھیلنے والی ایک وبائی بیماری ہے ،جس سے بحیثیت مسلمان ہمیں ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ہمیں عالمی ادارہ صحت کی اس مرض سے بچائو کی ہدایات کو مدنظررکھتے ہوئے صفائی کی عادات کو اپنانے کی ضرورت ہے جس کادرس ہمیں اسلام نے سب سے پہلے دیا ،نبی کریمﷺ نے صفائی کو نصف ایمان قرار دیتے ہوئے روزمرہ زندگی میںانسانی ذات سے لیکر گھر ،ماحول ،معاشرہ اورریاست کو صاف رکھنے کے سنہری اصول وضع کئے ہیں ،ڈائریکٹرجنرل کشمیرانسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ بریگیڈئر اختر حسین شاہ نے صحافیوں کو بتایا کہ (کم ) میں متعین سٹاف حکومتی احکامات کی روشنی میں اس بیماری سے بچائو کے اقدامات کے تحت باہر سے آنے والے تمام وزٹرز کو مین گیٹ پرصابن سے ہاتھ دھو کر اندر آنے کی ہدایت کی ہے ،دیگر محکمے اورعوام بھی اس بیماری کوروکنے کیلئے ان حکومتی اقدامات پر عملددرآمد کریں اگر کوئی شخص اس بیماری میں مبتلا ہوجائے تو فوری علاج کروایا جائے۔