ترکی کی مساجد میں نماز جمعہ اور باجماعت نمازوں کی ادائیگی معطل کر دی گئی

مساجد کھلی رہیں گی اور انفرادی عبادات کی اجازت ہوگی مگر نماز جمعہ سمیت کسی بھی باجماعت نماز کی اجازت نہیں ہوگی: ترک حکام

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 16 مارچ 2020 23:08

ترکی کی مساجد میں نماز جمعہ اور باجماعت نمازوں کی ادائیگی معطل کر دی ..
کائرہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ2020) ترکی کی مساجد میں نماز جمعہ اور باجماعت نمازوں کی ادائیگی معطل کر دی گئی ہے۔ ترک حکام نے ہدایت جاری کی ہے کہ ترکی میں مساجد کھلی رہیں گی اور انفرادی عبادات کی اجازت ہوگی مگر نماز جمعہ سمیت کسی بھی باجماعت نماز کی اجازت نہیں ہوگی۔ ترک مذہبی امور کے ڈائریکٹر علی ارباس نے یہ حکم نامہ جاری کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی پروگرام کے تحت عمرہ پر جانے والے تمام زائرین ترکی واپس آچکے ہیں اور پرائیوٹ طور پر جانے والے 390زائرین آج ترکی واپس پہنچ جائیں گے۔ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ ترکی کی حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے رحجان کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے شہریوں کو مہلک وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ ایک جگہ جمع ہونے سے وائرس پھیلنے کے امکانات بڑھ رہے ہیں اسلئے نماز جمعہ اور باجماعت نمازوں کی ادائیگی میں وقفہ دے دیا گیا ہے۔

ترکی میں سینما گھر، تھیٹرز، قہوہ خانے، شراب اور شیشہ خانوں سمیت انٹرنیٹ کیفے، شادی ہالز اور تمام دیگر اجتماعی مراکز تاحکم ثانی بند رہیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں بھی مساجد میں نماز جمعہ سمیت تمام نمازوں کی ادائیگی پر ایک مہینہ کیلئے پابندی عائد کردی گئی ہے۔ مساجد کی پابندی کے حوالے سے اماراتی حکومت کی جانب سے باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا ہے کہ علمائے کرام نمازجمعہ کے اجتماعات کو مختصر کریں اور بزرگ و بچے مساجد میں نہ جائیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادی نے نماز جمعہ اور دیگر مذہبی اجتماعات سے متعلق علمائے کرام سے مشاورت کی تھی، جس پر علما نے اپنی سفارشات وفاقی وزیر کو دے دیں ۔