متحدہ عرب امارات میں مساجد کے بعد تمام گرجا گھر اور مندر بھی بند کردیے گئے

گرجا گھروں اور مندروں کے دروازوں پر غیرمعینہ مدت تک بند رہنے کے نوٹس آویزاں کردیے گئے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 17 مارچ 2020 19:12

متحدہ عرب امارات میں مساجد کے بعد تمام گرجا گھر اور مندر بھی بند کردیے ..
دبئی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ2020) : متحدہ عرب امارات میں مساجد کے بعد تمام گرجا گھر اور مندر بھی بند کردیے گئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں گرجا گھروں اور مندروں کے دروازوں پر غیرمعینہ مدت تک بند رہنے کے نوٹس آویزاں کردیے گئے ہیں۔ مندروں اور گرجاگھروں کو کورونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کے پیشِ نظر بند کیا گیا ہے۔
امتحدہ عرب امارت میں گرجا گھر کے باہر آویزاں بورڈ
امتحدہ عرب امارت میں گرجا گھر کے باہر آویزاں بورڈ
ان مندروں کو غیر معینہ مدت تک بند کیا گیا ہے۔

امارات میں بند ہونے والا ایک چرچ
امارات میں بند ہونے والا ایک چرچ
بند گرجا گھر
بند گرجا گھر
یاد رہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات میں مساجد میں نماز جمعہ سمیت تمام نمازوں کی ادائیگی پر ایک مہینہ کیلئے پابندی عائد کردی گئی تھی۔ مساجد کی پابندی کے حوالے سے اماراتی حکومت کی جانب سے باقاعدہ اعلان کیا گیا تھا، حکومت کی جانب سے عربی، انگریزی اور اردو میں پیغام جاری کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ "دین اور جان کی حفاظت کے سلسلے میں شریعت کے مقاصد کو پورا کرنے اور کویڈ19یعنی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور قومی اور انسانی ذمہ داری کو لازمی طور پر اداکرنے اور آفات و بحران سے حفاظت کے قومی ارادےاور وزارتِ صحت کی ہدایت کو پورا کرنے کی غرض سے امارات فتوی کونسل کے فتویٰ سے استدلال کرتے ہوئے جنرل اتھارٹی برائے اسلامی امور اور اوقاف کی طرف سے یہ اعلان کیا جاتا ہے، آج بتاریخ 16/مارچ2020 رات 9بجے سے ملک کی تمام مسجدوں، ان کے صحن اور متعلقات نیز تمام نماز خانوں میں چار ہفتوں کیلئے نماز باجماعت اور نمازِ جمعہ کا سلسلہ موقوف کیا جاتا ہے''۔

(جاری ہے)

اور اب متحدہ عرب امارات میں مساجد کے بعد تمام گرجا گھر اور مندر بھی بند کردیے گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چار ہفتوں کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور حالات کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔