Live Updates

پاکستان نے اب فیصلہ کرلیا کہ بھارت کی کھوکھلی دھمکیوں کو سنجیدہ لینے کی بجائے صرف ’میمز‘ کی حد تک رکھا جائےگا

بھارت اب حقیقی میدان میں پاکستان کا مقابلہ کرنے کی سکت کھوچکا ہے، پاکستان نے بھارت کے ساتھ جو کچھ کردیا ہے اب وہ صرف پاکستان کیخلاف فلمیں ہی بناسکتا ہے، عظمیٰ بخاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 7 مئی 2026 20:12

پاکستان نے اب فیصلہ کرلیا کہ بھارت کی کھوکھلی دھمکیوں کو سنجیدہ لینے ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 07 مئی 2026ء ) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف مہم جوئی کے خواب دیکھنا چھوڑ دے۔ انہوں نے مودی سرکار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مودی صاحب! آپ نے پاکستان سے مزید کتنی پھینٹی کھانی ہے؟ بہتر ہوگا کہ آپ اپنی توانائی کسی ڈھنگ کے کام پر صرف کریں۔

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ جب پاکستان نے پانی کے معاملے پر بھارت کو دو ٹوک موقف دیا تو وہ ' بھیگی بلی ' بن گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے دی گئی سخت دھمکی کے نتیجے میں بھارت نے 'اچھے بچوں ' کی طرح بگلیار ڈیم کے دروازے کھول دیے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے بھارتی جارحیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بھرپور جواب سے بھارت کے ایک سال پرانے زخم اب تک تازہ ہیں۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کسی قسم کی شرارت کی تو اسے پہلے سے بھی زیادہ سخت مار پڑے گی۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بھارت اب حقیقی میدان میں پاکستان کا مقابلہ کرنے کی سکت کھو چکا ہے، اسی لیے وہ اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے پاکستان کے خلاف فلمیں بنا کر دل پشوری کر رہا ہے۔ اب پاکستان نے فیصلہ کر لیا ہے کہ بھارت کی کھوکھلی دھمکیوں کو سنجیدہ لینے کے بجائے صرف 'میمز' کی حد تک رکھا جائے گا۔

خطے کی مجموعی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ جنگیں کسی بھی مسئلے کا پائیدار حل نہیں ہوتیں۔ انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ جنگ فوری طور پر ختم ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ خطہ مزید جنگوں اور بدامنی کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس لیے تمام عالمی طاقتوں کو ہوشمندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

مزید برآں معرکہ حق کی عظیم فتح کو ایک سال مکمل ہونے پر صوبائی وزیر کھیل و توانائی ملک فیصل ایوب کھوکھر نے شہید کیپٹن محمد زوہیب الدین کی قبر پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر شہید کے والد احسام الدین بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی، ان کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ آج کا دن وطن عزیز کے تمام شہداء کو سلام پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ“بنیان المرصوص”کی کامیابی ہمارے شہداء کی قربانیوں، بہادری اور جذب حب الوطنی کا نتیجہ ہے۔ آج کا پُرامن، مضبوط اور مستحکم پاکستان انہی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل بھارتی مسلح افواج اور دفاعی نظام کو منہ کی کھانی پڑی اور پوری دنیا نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم اور قومی یکجہتی کو دیکھا۔ معرکہ حق کی کامیابی نے پوری قوم کو اتحاد، قربانی اور حب الوطنی کا نیا پیغام دیا۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہماری آزادی، خودمختاری اور سلامتی کی ضمانت ہیں اور قوم اپنے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھے گی۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات