قطر کے وزیر اعظم کا وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ

قطر مشرق وسطیٰ میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کی قیادت میں جاری سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا، شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی

muhammad ali محمد علی جمعرات 7 مئی 2026 19:43

قطر کے وزیر اعظم کا وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2026ء) قطر کے وزیر اعظم کا وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ، قطر نے پاکستان کی قیادت میں جاری سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرا دی، پاکستان اور قطر نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کو قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

دونوں رہنمائوں کے درمیان ہونے والی گرمجوش اور خوشگوار گفتگو کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں جانب سے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے 16 اپریل کو دوحہ کے اپنے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور قطری قیادت کے ساتھ ملاقاتیں خطے میں امن کے فروغ کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے میں نہایت مفید ثابت ہوئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام امیرِ قطر کے جلد پاکستان کے دورے کے منتظر ہیں اور ان کا یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ قطر کے وزیراعظم نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو یقین دلایا کہ قطر مشرق وسطیٰ میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کی قیادت میں جاری سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔