وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا اسلام آباد ایئرپورٹ کا اچانک دورہ،عازمین حج اور دیگر مسافروں کی امیگریشن کے عمل کا جائزہ لیا

جمعرات 7 مئی 2026 19:50

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا اسلام آباد ایئرپورٹ کا اچانک دورہ،عازمین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا اور عازمین حج اور دیگر مسافروں کی امیگریشن کے عمل کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے روڈ ٹو مکہ کے تحت ایئرپورٹ پر پاکستانی مسافروں کی سعودی امیگریشن کے لئے قائم کانٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے ملے۔

جمعرات کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق روڈ ٹو مکہ کے تحت عازمین حج کو پاکستان کے ایئرپورٹ پر ہی سعودی امیگریشن کی تیز رفتار سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ عازمین حج نے روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت اسلام آباد ایئر پورٹ پر سعودی امیگریشن کی سہولت کے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

عازمین حج نے وزیر داخلہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پراسیس انتہائی آسان رہا، کسی قسم کی دقت پیش نہیں آئی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے مسافروں سے امیگریشن اور دیگر سہولتوں سے متعلق دریافت کیا۔مسافروں نے بتایا کہ امیگریشن میں چند منٹ لگے اور پورا عمل نہایت آسان تھا۔بین الاقوامی آمد پر تمام امیگریشن کانٹرز فعال تھے اور بروقت امیگریشن کی سہولت فراہم کی گئی۔ وزیر داخلہ نے جوائنٹ سرچ چیک پوسٹ کا بھی جائزہ لیا اور سرچ سسٹم کو مزید مثر اور تیز تر بنانے کی ہدایت کی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سکیورٹی نظام کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔وزیر داخلہ نے ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت اور سکیورٹی کو بیک وقت یقینی بنانے پر زور دیا اورتمام متعلقہ اداروں کو ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کو بلا تاخیر سہولتیں فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون شہزاد بخاری اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔