Live Updates

ایران امریکا مذاکرات کےحوالے سے بڑی پیش رفت

پاکستان کو ایران کا جواب آج موصول ہونے کا امکان، پاکستانی قیادت مذاکرات کے حوالے سے ایران کی جانب سے بھیجے گئے جواب سے متعلق فوری امریکا کو آگاہ کرے گی

muhammad ali محمد علی جمعرات 7 مئی 2026 19:34

ایران امریکا مذاکرات کےحوالے سے بڑی پیش رفت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2026ء) ایران امریکا مذاکرات کےحوالے سے بڑی پیش رفت، پاکستان کو ایران کا جواب آج موصول ہونے کا امکان، پاکستانی قیادت مذاکرات کے حوالے سے ایران کی جانب سے بھیجے گئے جواب سے متعلق فوری امریکا کو آگاہ کرے گی۔ پاکستانی میڈیا پرچلنے والی رپورٹس کے مطابق الجزیرہ ٹی وی کی جانب سےبتایا گیا ہے کہ تہران حکومت کے ذرائع کے مطابق ایرانی حکام اب بھی امریکی تجاویز کا جائزہ لے رہے ہیں، امریکا کو جواب آج پاکستان کے ذریعے بھیجا جا سکتا ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اس مرحلے پر تہران اپنے جوہری پروگرام پر مذاکرات نہیں کر رہا بلکہ صرف تمام محاذوں پر جنگ کے مکمل خاتمے پر بات چیت ہو رہی ہے۔ ایران نے مطالبہ کیا ہے کہ جنگ بندی کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل براہِ راست دے، امریکا پابندیاں ختم کرے اور آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولا جائے۔

(جاری ہے)

ایرانی مؤقف کے مطابق اگر یہ شرائط پوری ہوجاتی ہیں تو دوسرے مرحلے میں تہران اپنے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرسکتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ایران امریکہ مذاکرات، پاک بھارت کشیدگی اور بیرونِ ملک محصور پاکستانیوں کی واپسی سمیت کئی اہم معاملات پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا، انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور اسے قوی امید ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی جلد ایک خوش اسلوب معاہدے پر ختم ہو جائے گی۔

ترجمان فارن آفس کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاملات کا حل ہونا خطے کے لیے مثبت ثابت ہوگا، جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے حوالے سے کچھ تحفظات پائے جاتے ہیں، جنہیں دور کرنے کے لیے استحکام ناگزیر ہے، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے لیکن اپنے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل طاقت اور صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان بھارت کی تمام جنگی سرگرمیوں اور تیاریوں سے پوری طرح باخبر ہے، بھارت کے اشتعال انگیز بیانات کو عالمی برادری بھی پسندیدگی کی نظر سے نہیں دیکھتی، عالمی برادری خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

طاہر حسین اندرانی نے نے بیرونِ ملک مختلف ممالک میں محصور یا زیرِ حراست پاکستانیوں کے حوالے سے اہم پیشرفت بتائی کہ کمبوڈیا سے 49 اور یوگنڈا سے 85 پاکستانیوں کو رہا کروا کر وطن واپس پہنچا دیا گیا ہے، صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے جہاز میں موجود پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کے لیے ایک خصوصی ٹیم جلد صومالیہ روانہ ہو رہی ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات