Live Updates

غیرقانونی کارروائیوں سے عوام کو تنگ کرنے اور پیرا فورس کو بدنام کرنیوالے اہلکاروں کیخلاف گھیرا تنگ

وزیراعلیٰ پنجاب نے پیرا اہلکاروں پر باڈی کیم نصب کرنے کیلئے30 جون کی ڈیڈ لائن دیدی، پیرا فورس کے 4 ہزار اہلکاورں و افسران کی سکروٹنی کی ہدایت، پیرا انٹرنل انٹیلی جنس اور وسل بلور سسٹم کو اپ ڈیٹ کرنے کا حکم

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 7 مئی 2026 19:45

غیرقانونی کارروائیوں سے عوام کو تنگ کرنے اور پیرا فورس کو بدنام کرنیوالے ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 07 مئی 2026ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے غیر قانونی کارروائیوں سے عوام کو تنگ کرنے اور پیرا فورس کا نام بدنام کرنے والے اہلکاروں کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا حکم دیا ہے۔ غیر قانونی کارروائی میں ملوث پیرا کے اہلکاروں و افسران کو تین دن کی ڈیٹنشن نہیں تین سال جیل کی ہوا کھانی پڑ سکتی ہے۔

پیرا میں ہر ایک اہلکارکے ریکارڈ کو جانچا جائیگا،جن کا ریکارڈ صاف ہوگا وہ اہلکاربے خوف رہیں لیکن جن کا ریکارڈ صاف نہ ہوا وہ کارروائی کیلئے تیار رہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پیرا اہلکاروں پر باڈی کیم نصب کرنے کے لئے 30 جون کی ڈیڈ لائن دے دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پیرا فورس کے 4 ہزار اہلکاورں و افسران کی سکروٹنی کی ہدایت کی اور پیرا انٹرنل انٹیلی جنس اور وسل بلور سسٹم کو اپ ڈیٹ کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پیرا کا نام بدنام کرنے والے عناصر کیخلاف مثالی کارروائی کرنے کابھی حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت پیرا فورس کا چوتھا اجلاس منعقد ہواجس میں پیرا کی کارروائیوں سے متعلق بریفنگ لی گئی اور سخت فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیرا فورس نے ISO سرٹیفیکیشن حاصل کر لی ہے۔ پیرا فیلڈ فارمیشن کی کل نفری 8 ہزارہے جس میں سے 4711 نشستیں پُر ہو چکی ہیں۔

پیرا فورس میں بھرتی کا عمل PPSC کے ذریعے مکمل کیا گیا ہے۔ یکم جون سے ایس ڈی او پیرا کی پنجاب ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) کی ٹریننگ شروع ہوجائے گی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ انفورسمنٹ آفیسر اور انویسٹی گیشن آفیسر کو 1122اور PTC چوہنگ میں تربیت دی جائے گی۔ جون کے آخر تک مجموعی طور پر 7 ہزار اہلکاروں کی بھرتی مکمل کر لی جائے گی۔ کل 155 میں سے 133 انفورسمنٹ سٹیشنز (ES) فعال ہیں، باقی جون تک مکمل کر لیے جائیں گے۔

پیرا فورس(15) خصوصی اینیشیٹیوز میں بھی خدمات فراہم کر رہی ہے۔ پیرا فورس کو میرج ہالز کی انسپکشن، پیٹرول پمپس کی جانچ،مارکیٹ کلوزنگ اور دیگر خصوصی ٹاسک د یئے گئے ہیں۔ ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کیخلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 11 ایف آئی آردرج کی گئیں، 2 کروڑروپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ذخیرہ اندازی کرنے والے 6557 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

تجاوزات کے خلاف آپریشن میں 9036 کنال اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔ مجموعی طور پر تجاوزات پر 2 لاکھ 62 ہزارسے زائد چھاپے مارے گئے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ کی پالیسی کے مطابق (FIR) کے بجائے اصلاح پر زور دیا گیا (صرف 439 FIRs) رجسٹرڈ ہوئیں۔15 سے 16 مختلف سافٹ ویئرز کو یکجا کر کے PERA 360 ڈیش بورڈ بنایا جا رہا ہے۔ تمام چالان ڈیجیٹل ہوں گے اور کنووکشن ریٹ 97 فیصدہے۔

ایک ماہ کے اندر اہلکاروں کو باڈی کیم لگا دیے جائیں گے۔وزیرِ اعلیٰ مریم نوازشریف نے اہلکاروں کی سخت نگرانی اور سنٹرل 360 ڈیش بورڈ کے ذریعے مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے۔وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف نے پیرافورس کو ایک ڈیڈی کیٹڈ فورس بنانے کا حکم دیا ہے جس کا بنیادی کام صرف ریگولیشن ہوگا۔ اجلاس میں کلر کہار یا مری/کوٹلی ستیاں میں پیرا فورس کی اپنی ٹریننگ اکیڈمی بنانے کی تجویز پیش کی گئی۔

وزیرِ اعلیٰ مریم نوازشریف نے ایک سال میں پیرا اکیڈمی مکمل کرنے کا حکم دیا۔اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے پیرا فورس کی ساکھ اور ڈسپلن پر سخت سوالات اٹھائے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ جو اہلکار کرپشن یا اختیارات کے ناجائز استعمال میں پکڑا جائے، اسے مثال بنا دیا جائے۔ پیرا میں ڈسپلن کیخلاف ورزی پر 1356 انکوائریاں لگیں، 304 کو سزائیں ملیں اور 7اہلکاروں کو فارغ کیا جا رہا ہے۔ پیرا کے اندرونی انٹیلی جنس اور خفیہ اطلاع کے نظام کو مزید فعال کیا جائے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ مشکوک شہرت والے افسران کو فوری طور پر ان کے اصل محکموں میں واپس بھیجا جائے۔پبلک سروس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات