پنجاب میں کورونا وائرس کے پانچ مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے: یاسمین راشد

صوبے میں 78 کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، سرکاری ہسپتالوں کے 64 ٹیسٹ مثبت جبکہ باقی 14 ٹیسٹ نجی لیبارٹریوں میں سے ہوئے ہیں: صوبائی وزیر صحت کی پریس کانفرنس

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 19 مارچ 2020 19:55

پنجاب میں کورونا وائرس کے پانچ مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے: یاسمین راشد
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 مارچ 2020ء) : صوبے میں 78 کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، سرکاری ہسپتالوں کے 64 ٹیسٹ مثبت جبکہ باقی 14 ٹیسٹ نجی لیبارٹریوں میں سے ہوئے ہیں: صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے پانچ مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہےکہ پنجاب میں حال ہی میں جن افراد کے ٹیسٹ کیے ہیں ان میں سے نئے کیسز کوشامل کرکے کل مریضوں کی تعداد 78 ہوگئی ہے۔

80 فیصد مریض پیناڈول کھانے سے بہتر ہوجاتے ہیں۔ ملتان میں مریضوں کا نیا کیمپ بنایا ہے، جہاں تفتان سے آئے مریضوں کو رکھا جائے گا، وہاں 1500 مریضوں کو رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔ابھی تک جن زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان میں تصدیق شدہ لوگوں کو الگ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جو لوگ ٹھیک ہیں ان کو بھی قرنطینہ میں14دن گزارنا لازمی ہوگا۔مستقبل کے پیش نظر مزید آئسولیشن رومز کا بندوبست کررہے ہیں۔

آئندہ دنوں زائرین اور طلباء ملا کر 5 ہزار لوگ پاکستان آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹیسٹ کی قیمت 7900 روپے ہے۔ پنجاب میں سامنے آنے والے تمام کیسز نے بیرون ملک کا سفر کیا ہوا ہے۔ پنجاب حکومت بالکل مفت ٹیسٹ کررہی ہے۔ ہم نے اپنی کٹس شوکت خانم ہسپتال کو دی ہوئی ہیں۔ شوکت خانم ہسپتال مفت ٹیسٹ کررہا ہے۔ پنجاب حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل استعمال کررہی ہے۔

ترجمان پرائمری اینڈسکینڈری ہیلتھ کیئر نے کہا کہ کورونا وائرس ایمرجنسی کے لیے پنجاب نے217 ملین روپے کا حفاظتی سامان خرید لیا ہے۔ اس سامان کی مختص236 ملین رقم میں سے خریداری کی گئی۔ 160ملین کے گاؤنز، 20 ملین کےاین 95 ماسک، 9.3 ملین کے گلوز خریدے گئے۔1.1ملین کے سرجیکل ماسک،8.4 ملین کی عینکیں، 4.46 ملین کے شو کور خریدے گئے۔2.9 ملین کی فیس شیلڈ،1.2ملین کے ایگزامینیشن گلوز، 4.84 ملین کے سرجیکل گلوز خریدے۔ اب تک47 ملین کی سپلائی موصول ہوچکی ہے۔