خیبرمیڈیکل یونیورسٹی نے کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے اور اس ضمن میں قائم پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری کی مجموعی استعداد بڑھنے کے لئے اعلیٰ سطحی کور کمیٹی قائم کردی

جمعہ 20 مارچ 2020 23:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2020ء) خیبرمیڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو)پشاور نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے اور اس ضمن میں کے ایم یو میں قائم پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری کی مجموعی استعداد بڑھنے کے لیئے ضروری اقدامات اٹھانے کے حوالے سے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر ارشد جاوید کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کور کمیٹی قائم کردی ہے جو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق پرو وی سی و ڈین پبلک ہیلتھ ،ڈاکٹر ظل ھما ڈائریکٹرآئی بی ایم ایس، ڈاکٹر زوہیب خان ڈائریکٹر اورک،ڈاکٹر یاسر یوسفزئی ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب،ڈاکٹر آصف علی ایڈیشنل ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ لیب، آئی پی ایچ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر خالد رحمٰن اور ڈاکٹر حفصہ محمد انچارج بائیوسیفٹی پبلک ہیلتھ لیب پر مشتمل ہوگی جب کہ اس کمیٹی کے سپورٹنگ ممبران میں ڈائریکٹر فنانس کے ایم یو وسیم ریاض،پروکیورمنٹ آفیسر وسیم حسن خان،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عاصم خان،ویب ماسٹر شہزاد خان اورڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا اینڈ پروٹوکول عالمگیر خان شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس کور کمیٹی کا پہلا ہنگامی اجلا س گزشتہ روز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارشد جاوید کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں متعلقہ ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں وطن عزیز بالخصوص خیبر پختونخوا میں کورونا کی تازہ صورتحال کے علاوہ کے ایم یو میں قائم پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری کی اب تک کی کارکردگی اور اس ضمن میں درکار ضروریات کا تفصیل کے ساتھ جائزہ لیاگیا۔

اجلا س میں چیف سیکرٹری کی خصوصی ہدایت پر پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری میں کروناٹیسٹوں کی یومیہ تعداد پانچ سو تک بڑھانے کے لیئے ضروری مشینوں اور دیگر درکار اشیاء کی ہنگامی بنیادوں پر خریداری یقینی بنانے کے لیئے جہاں فوری طور پر بجٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا وہاں صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں دس کروڑ روپے ریلیز کرنے کے لیئے محکمہ خزانہ کو لیٹر لکھنے کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلا س میں ریفرنس لیبارٹری میں مصروف عمل سٹاف کی ڈیوٹی 24گھنٹے یقینی بنانے نیز سٹاف کی بائیو سیفٹی اور ان کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کے حوالے سے بھی بعض اہم فیصلے کیئے گئے۔اجلا س میں کورونا ٹیسٹ فوری اور ارزاں قیمت پر کرنے کے لیئے ہنگامی بنیادوں پر دو جدید مشینیں خریدنے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلا س میں پبلک ہیلتھ لیبارٹری کے ویسٹ منیجمنٹ کے حوالے سے فیصلہ ہوا کہ اسے متعلقہ کمپنی دن میں کم از کم دو مرتبہ اٹھانے کی پابند ہوگی جب کہ لیبارٹری اور دیگر معاون سٹاف سے کام لینے کے لیئے شفٹوں میں ڈیوٹی روٹا بنانے کی اصولی منظوری بھی گئی۔

اجلاس میں ریفرنس لیبارٹری میں دن رات جانفشانی سے ڈیوٹی انجام دینے والے سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی گئی وہ اپنی ڈیوٹی اسی قومی جذبے اور اخلاص کے ساتھ جاری رکھیں گے جب کہ اجلاس میں جہاں عام افرادسے طے شدہ حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی وہاں انہیں خوف وہراس کا شکار ہونے کی بجائے کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ اداروں سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی۔#