وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کا کیمب کا دورہ، کرونا وائرس کے ٹیسٹ کے لئے لیبارٹریاں مختص کرنے کی ہدایت

ہفتہ 21 مارچ 2020 23:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2020ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے سنٹر آف ایکسیلنس ان مالیکولر بائیولوجی کا دورہ کیا ۔ اپنے دورے کے موقع پر انہوں نے مخصوص معیار رکھنے والی لیبارٹریاں ہنگامی بنیادوں پر کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کے لئے مختص کرنے کی ہدایات جاری کر دیں تاکہ کرونا وائرس کے مریضوں کا ٹیسٹ بروقت ، بآسانی اور درست انداز میں ہو سکے۔

اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی کے نامور وائرالوجسٹ ڈاکٹر محمد ادریس، کیمب کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احمد علی شاہد، ڈیپارٹمنٹ آف مائیکروبائیولوجی اینڈ مالیکولر جینیٹکس کی چئیرپرسن پروفیسر ڈاکٹر انجم نسیم صابری، سنٹرفار اپلائیڈ مالیکولر بائیولوجی کی انچارج ڈاکٹر علینہ اور دیگر محققین موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر نے مختلف لیبارٹریوں کا دورہ کیا اور قومی حالت کے پیش نظر اور نامناسب حالات کا قبل از وقت بندوبست کرتے ہوئے وائس چانسلر نے مخصوص معیار رکھنے والی لیبارٹریاں کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کے لئے مختص کر نے کا حکم دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ریفر کئے گئے کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کے پہلے ایک ہزار ٹیسٹ کا خرچہ پنجاب یونیورسٹی برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت ہنگامی حالات کا سامنا ہے اور پنجاب یونیورسٹی ملک و قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔ بعد ازاں مخصوص لیبارٹری میں وائس چانسلر کو کرونا وائرس کے ڈائیگناسٹک ٹیسٹ کے لئے تیار کی جانے والی کٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور تیار شدہ کٹ بھی دکھائی گئیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد ادریس نے کہا کہ خام مال ملتے ہی کرونا وائرس کی ڈائیگناسٹک کٹ کی بڑے پیمانے پر تیاری شروع کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ریفر کئے گئے مریضوں کا ٹیسٹ پنجاب یونیورسٹی کی مخصوص لیبارٹریوں میں کریں گے۔ انہو ں نے کہا کہ دیگر اداروں کو بھی کرونا وائرس کی تشخیص کے لئے ٹیسٹ کرنے کی ٹریننگ دیں گے تاکہ درست نتائج رپورٹ ہو سکیں۔