آج کا دن یاد دلاتا ہے کہ پاکستانی ہر خواب کی تعبیر حاصل کرنے کی صلاحیت اور عزم رکھتے ہیں،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا یوم پاکستان پر پیغام

اتوار 22 مارچ 2020 23:45

آج کا دن یاد دلاتا ہے کہ پاکستانی ہر خواب کی تعبیر حاصل کرنے کی صلاحیت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن یاد دلاتا ہے کہ پاکستانی ہر خواب کی تعبیر حاصل کرنے کی صلاحیت اور عزم رکھتے ہیں، قائداعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال اور مشاہیر پاکستان، شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم قیام پاکستان کی جدوجہد میں عظیم قربانیاں دینے والے تمام گمنام شہیدوں، غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ جدوجہد پاکستان میں حالات وواقعات کے جبر کی بھینٹ چڑھ جانے والی مائوں، بہنوں، بیٹیوں کو بھول نہیں سکتے،آج ہم تاریخ کے ایک اور دوراہے پر کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

آج ہمیں ایک بار پھر تحریک پاکستان جیسے جذبے، واضح سوچ اور عمل کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورتحال متقاضی ہے کہ آج ہم تحریک پاکستان کے جذبے کا مظاہرہ کریں،کورونا کی وجہ سے اس سال یوم پاکستان نہیں منارہے، انشاء اللہ کورونا پر قابو پانے کے بعد آئندہ سال اور بھی زیادہ جوش وجذبے سے یہ دن منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہآج پھر ملک کو عظیم اتحاد، ایثار، قربانی اور مثالی نظم وضبط کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ قیام پاکستان کے عظیم مقاصد کے حصول کے لئے معاشی آزادی وخودمختاری لازمی تقاضا ہے، حالات کا چیلنج ہماری قوم نے ہمیشہ نہ صرف قبول کیا بلکہ اس میں سرخرو بھی ہوئے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند فرمائے اورپسماندگان کو اجرعظیم اور صبر جمیل عطاء کرے۔ آمین۔