فیصل آباد، کرونا وائرس کے پیش نظر گھروں میں موجود طلبہ کی سہولت کیلئے کل سے آن لائن کلاسز کا آغاز ہوگا

پیر 23 مارچ 2020 18:46

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2020ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں کرونا وائرس کی سنجیدہ صورتحال کے پیش نظر گھروں میں موجود طلبہ کی سہولت کیلئے کل سے آن لائن کلاسز کا آغاز ہوگازرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں کرونا وائرس کی سنجیدہ صورتحال کے پیش نظر گھروں میں موجود طلبہ کی سہولت کیلئے آج 24مارچ سے آن لائن کلاسز کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔

اس حوالے سے رجسٹرار عمر سعید قادری کے دفتر سے جاری ہونے والی نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی کے تمام اساتذہ آن لائن کلاسز کو ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمکس‘ کوالٹی انہانس منٹ سیل اور آئی ٹی ریسورس سنٹر و ڈیٹا بینک کی مدد سے یقینی بنائیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمکس اور کوالٹی انہانس منٹ سیل سے کہا گیا ہے کہ وہ آئی ٹی ریسورس سنٹر و ڈیٹا بینک کے ذریعے آن لائن کلاسز کی مانیٹرنگ کا عمل یقینی بنائیں گے اور روزانہ کی بنیاد پرکارکردگی رپورٹ وائس چانسلرکو بھیجی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز)نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کرونا وائرس کے حوالے سے پائی جانیوالی صورتحال کے پیش نظر طلبہ کے قیمتی تعلیمی وقت کو ضائع کئے بغیر آن لائن کلاسز کا آغاز کر رہی ہے تاکہ یونیورسٹی سے دور اپنے گھروں میں مقیم طلبہ اپنے تعلیمی سلسلے کو بغیر کسی رکاوٹ جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ طلبہ کے تعلیمی سلسلہ میں کوئی تعطل نہیں آئے گا اور ایل ایم ایس سسٹم کے توسط سے آن لائن کلاسز کے ذریعے انہیں تمام تدریسی مواد تک رسائی مہیا کیا جا رہی ہے۔

طلبہ سے کہا گیا ہے کہ وہ آن لائن کلاسز میں کسی بھی وضاحت یا تفصیل کیلئے ڈائریکٹر اکیڈمکس پروفیسرڈکٹر آصف تنویر اور ڈائریکٹر کوالٹی انہانس منٹ سیل ڈاکٹر نثار احمد سے رابطہ کریں۔