سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے مزید درجنوں کیسز رپورٹ

امارات میں 45 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کل کیسز کی تعداد 198 ہوگئی، جبکہ سعودی عرب میں 51 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کل کیسز 562 ہوگئے

muhammad ali محمد علی پیر 23 مارچ 2020 19:01

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے مزید درجنوں کیسز ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مارچ2020ء) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے مزید درجنوں کیسز رپورٹ، امارات میں 45 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کل کیسز کی تعداد 198 ہوگئی، جبکہ سعودی عرب میں 51 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کل کیسز 562 ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق خلیجی ممالک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ پیر کے روز متحدہ عرب امارات میں وائرس سے متاثرہ 45 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ سعودی عرب میں 51 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ یوں سعودی عرب میں کل کیسز کی تعداد 562 جبکہ متحدہ عرب امارات میں کل کیسز کی تعداد 198 ہوگئی ہے۔ ان تمام حالات میں متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت ، کمیونٹی پروٹیکشن اور نیشنل ایمرجنسی اینڈ کرائسس اتھارٹی نے تمام تجارتی مراکز، شاپنگ مالز اور کھلی منڈیوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اس پابندی کا اطلاق مچھلی کی دکانوں، ، سبزیوں، خوراک، ادویات اور گوشت فروخت کی دکانوں پر نہیں ہوگا۔ دریں اثناء متحدہ عرب امارات کی شہری ہوا بازی کی جنرل اتھارٹی نے تمام پروازیں دو ہفتوں کے لیے معطل رکھنے کا اعلان کیا۔وزارت صحت ، کمیونٹی پروٹیکشن اور نیشنل ایمرجنسی اینڈ کرائسز اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ فوڈ آؤٹ لیٹس کوآپریٹو سوسائٹیز ، گروسری ، سپر مارکیٹ اور فارمیسیوں کو دو ہفتوں کے لیے جانچ پڑتال کے بعد کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔

امارات میں ریستورانوں میں لوگوں کو ٹھہرانے پرپابندی عاید کی گئی ہے۔متحدہ عرب امارات میں دو ہفتوں کے لیے تمام پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اعلان کے 48 گھنٹوں کے اندر اندر اس پرعمل درآمد شروع کردیا جائے گا۔ جبکہ سعودی عرب میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے مملکت میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے رات کے کرفیو کا اعلان کیا ہے۔

سعودی عرب میں رات سات بجے سے صبح چھ بجے تک کرفیو برقرار رہیگا۔ شاہ سلمان کے اس فیصلے پرعمل درآمد کا آغاز پیر کی رات سے کر دیا گیا ۔سعودی پریس ایجنسی نے بتایا کہ شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود نے شہریوں اور ملک میں مقیم غیرملکی باشندوں کی کرونا وائرس سے بچائو کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود نے 28 رجب المرجب بہ مطابق 23 مارچ 2020ء اکیس روز تک رات کا کرفیو لگا دیا ہے۔

وزارت داخلہ کو ملک میں کرفیو کے اعلان پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔ تمام سول اور فوجی ادارے وزارت داخلہ سے تعاون کیپابند ہوں گے۔سرکاری اور نجی شعبوں کے ملازمین کو کرفیوکی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ سیکیورٹی ، فوجی اور میڈیا شعبوں کے ملازمین، صحت اور بنیادی سروس فراہم کرنے والے اداروں کے کارکن بھی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔