شہریوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں،

حکومت اور عوام مشترکہ کوششوں سے جلد ہی اس وباء کو ختم کر لیں گے، موجودہ صورتحال میں ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی پی ٹی وی سے بات چیت

پیر 23 مارچ 2020 20:26

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2020ء) وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ شہریوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں، حکومت اور عوام مشترکہ کوششوں سے جلد ہی اس وباء کو ختم کر لیں گے، قوم کو وباء کا مقابلہ کرنے کیلئے اتحاد، نظم وضبط اور جذبے کا مظاہرہ کرنا ہو گا، وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے تاہم عوام کو اس کے پھیلائو سے خوفزدہ اور پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

پیر کو پی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا عوام کو وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے لیکن میڈیا کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ وہ صحیح معلومات شیئر کرے اور لوگوں میں خوف وہراس پھیلانے سے گریز کرے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے، شہری اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو بچانے کیلئے تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ وائرس کے پھیلائو کا کسی ایک خاص گروہ کو ذمہ دار ٹھہرانا درست نہیں ہے، یہ مشترکہ کام کرنے اور حکومت کی ہدایات پر عمل کرنے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔