دُبئی میں ٹیکسی پر سفر کرنے والوں کے لیے اہم پابندی کا اعلان کر دیا گیا

حکم نامے کے مطابق ٹیکسی میں صرف دو افراد سفر کر سکیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 26 مارچ 2020 09:35

دُبئی میں ٹیکسی پر سفر کرنے والوں کے لیے اہم پابندی کا اعلان کر دیا ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26مارچ 2020ء) اماراتی مملکت میں کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے اپنائی جانے والی حفاظتی تدابیر پوری طرح کارآمد ثابت نہیں ہو رہیں۔ اسی وجہ سے حکام کی جانب سے کئی اہم فیصلے لیے جا رہے ہیں۔ دُبئی میں ٹیکسی پر سفر کرنے والوں کے لیے بھی خصوصی ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت اب ٹیکسی میں دو سے زائد افراد سوار نہیں ہو سکیں گے۔

روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ دُبئی بھر میں ٹیکسیاں چلانے والے ڈرائیورز دو سے زائد مسافر کو نہیں بٹھائیں گے، جبکہ مسافر بھی اپنے ہمراہ کسی تیسرے شخص کو ایک ہی ٹیکسی میں سوار کرنے پر زور نہیں دیں گے۔اس حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف محکمہ ٹریفک کے اہلکار کارروائی کریں گے۔

(جاری ہے)

اس ہدایت کا مقصد مملکت میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے، کیونکہ ٹیکسی میں لوگ ایک دوسرے کے ساتھ جُڑ کر بیٹھتے ہیں، جس کے باعث ان میں کورونا وائرس کی منتقلی کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے خدشے کے باعث پبلک بسوں اور میٹرو ٹرین میں زیادہ مسافر سوار نہ کیے جائیں جبکہ مسافروں کے درمیان محفوظ فاصلہ ہونا چاہیے۔ بس کے دروازوں کا کنٹرول ڈرائیور کے پاس ہو گا۔مسافروں کے لیے صرف فرنٹ اور درمیان والے دروازے کھولے جائیں گے، جبکہ پچھلا دروازہ بند رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ امارات میں کورونا کے مریضوں کی گنتی میں اضافہ ہونے کے بعد حکومت نے لوگوں سے زیادہ سے زیادہ وقت گھروں میں گزارنے کی اپیل کی ہے ۔ اماراتی اور تارکین وطن کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ انتہائی ضروری کام اور شاپنگ کے لیے ہی گھروں سے باہر آئیں۔ لوگ جتنا گھروں میں بیٹھیں گے، اتنا ہی کورونا وائرس لاحق ہونے کے خطرے سے بچے رہیں گے۔ دُبئی میں عام دنوں میں انتہائی مصروف رہنے والی سڑکیں اس وقت سنسان پڑی ہوئی ہیں۔ ٹریفک بھی معمول سے انتہائی کم دکھائی دے رہی ہے۔