اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی کابل میں گردوارے پر حملے کی مذمت، سکھ برادری اور افغان حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار

جمعرات 26 مارچ 2020 14:40

اقوام متحدہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں سکھوں کے گردوارے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری جنرل نے یہ بات زور دے کر کہی ہیکہ شہریوں کے خلاف حملے ناقابل قبول ہیں اور ایسے جرائم میں ملوث عناصر کا احتساب ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور اقوام متحدہ سکھ برادری اور افغان حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور افغانستان میں قیام امن کے لیے کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل میں سکھوں کے گردوارے پر خودکش حملہ آوروں اور مسلح افراد کے حملے میں ایک بچے سمیت 25 افراد مارے گئے اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ سکیورٹی فورسز کے کلین اپ آپریشن میں 2 حملہ آور مارے گئے تھے۔