کامسیٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی کی جمہوریہ بلغاریہ کے سفیر ڈاکٹر الیگزینڈر باریسوف پاراشکوف سے ملاقات، بلغاریہ کی طرف سے کامسیٹس کی رکنیت کے حصول اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 26 مارچ 2020 14:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) حال ہی میں تعینات ہونے والے جمہوریہ بلغاریہ کے سفیر ڈاکٹر الیگزینڈر باریسوف پاراشکوف نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون،جنوبی نصب کرہ میں پائیدار ترقی کے لیے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن (کامسیٹس)کی طرف سے کمیشن کی رکنیت حاصل کرنے اوربلغاریہ کے ساتھ پائیدار ترقی کے لیے تعاون کی پیش کش کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ عنقریب اس ضمن میں کمیشن سے باضابطہ طریقے سے رابطہ کیا جائے گا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جمہوریہ بلغاریہ کے سفارت خانے میں ملاقات کے دوران کامسیٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی نے جمہوریہ بلغاریہ کے سفیرکا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں کامسیٹس کے حوالے سے مکمل طور پر آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی نے معزز سفیر کو کامسیٹس کے میکانزم اور اس میکانزم کے ذریعے معاشرتی و اقتصادی ترقی کے مقاصد کے حصول کے علاوہ گلوبل سائوتھ میں امن اور ترقی لانے کی کوششوں پر تفصیلاً روشنی ڈالی۔

انہوں نے بلغارین سفیر کو بتایا کہ کامسیٹس نے بحثیت ادارہ عالمی سطح پر صحت، تعلیم، انٹرنیٹ کے حوالے سے خدمات، آب و ہوا میں تبدیلی اور جامع استحکام کے لیے جو منصوبے وضع کیے، وہ سب شراکت داری کے اصولوں پر قائم ہیں۔ شراکت دارممالک کی حالیہ تعداد27 ہے۔ کامسیٹس نے اپنے قیام کے 25 برسوں میں اپنے اہداف کوحاصل کرنے میں متعدد کامیابیاںحاصل کر رکھی ہیں۔

کامسیٹس استعداد کار اور صلاحیتوں کوپیدا اور اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ دوطرفہ اور کثیرالجہتی تحقیق، ادارہ سازی، بین الاقوامی تعاون، سکالرشپ پروگرامز اور ماہرین کے باہمی تبادلوں کے حوالے سے بھی عالمی سطح پرمعتبرادارہ بن چکا ہے۔ اس ادارے کا پاکستان میں سب سے بڑاتعارف کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد اور کامسیٹس کی انٹرنیٹ خدمات ہیں جبکہ اسی نوعیت کے دیگر منصوبے اس کے علاوہ ہیں جو دیگر رکن ممالک میں شروع ہو چکے ہیں۔

کامسیٹس نی20 ممبر ممالک میں 22 مراکز آف ایکسی لینس کا ایک جامع نیٹ ورک قائم کر رکھا ہے، جو کامسیٹس کے کاموں میں مدد اور وسائل بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیمی اور ادارہ جاتی سرگرمیوں کے تحت بائیوٹیکنالوجی اوربائیو میڈیکل سائنسز، مصنوعی ذہانت، صحت وطب، ٹیکسٹائل انڈسٹری، نینو بائیوٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، زراعت، انفارمیشن اینڈکمیونیکیشن، آب و ہوا میں تبدیلیاں،صنعت سے متعلقہ ٹیکنالوجی اورآبی وسائل کے شعبوں پر مبنی علوم وفنون میں مدد فراہم کی جاتی ہے۔

دوران ملاقات کامسیٹس نیٹ ورک کے ساتھ بلغاریہ کے ممکنہ الحاق پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلغاریہ کے سفیر نے رکنیت کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اپنی حکومت کی جانب سے یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ماہرین کا باہمی تبادلہ، فیکلٹی کی ترقی، تربیت اور سائنسی افرادی قوت کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کامسیٹس کا نیٹ ورک قابل تعریف ہے۔ ملاقات میں بلغاریہ کے معزز سفیر کوباہمی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے کامسیٹس سیکرٹریٹ، اس کے سینٹرزآف ایکسی لینس اور کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کرنے کی دعوت دی گئی۔